سعودی حکومت اور اس کے اتحادیوں پر قطر کی تنقید
امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے امریکا کے سی بی ایس ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ سعودی حکومت اور اس کے اتحادی، قطر کی آزادی اور خود مختاری ختم کرنا چاہتے ہیں۔
انھوں نے سعودی عرب، مصر، متحدہ عرب امارات اور بحرین کی جانب سے قطر کے محاصرے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت اور اس کے اتحادی، قطر میں بنیادی ضرورت کی چیزیں حتی دوائیں پہنچنے کی بھی روک تھام کر رہے ہیں۔
امیر قطر نے روابط کی بحالی کے لئے سعودی حکومت کی شرائط کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دوحہ اپنے اقتدار اعلی میں کسی کی بھی مداخلت قبول نہیں کرے گا۔
یاد رہے کہ سعودی حکومت نے روابط کی بحالی کے لئے قطر کے سامنے جو شرائط رکھی ہیں ان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ روابط ختم کرنا بھی شامل ہے۔
امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے کہا کہ محاصرہ شروع ہونے کے بعد قطر کی ضرورت کی اشیا اسلامی جمہوریہ ایران نے ہی فراہم کی ہیں۔
یاد رہے کہ سعودی حکومت اور اس کے اتحادیوں مصر، متحدہ عرب امارات اور بحرین نے پانچ جون دو ہزار سترہ سے ریاض کی قیادت میں عرب تحریک سے ہم آہنگ نہ ہونے کا الزام لگا کر قطر کے ساتھ اپنے سفارتی روابط منقطع کر لئے اور اس کا زمینی، سمندری اور فضائی محاصرہ شروع کر دیا۔