چہلم حضرت امام حسینؑ، لاہور میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ آپریشن کرنے کا فیصلہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سی سی پی او امین وینس کی زیر صدارت سکیورٹی کے حوالے سے اعلٰی سطحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں ویسٹ انڈیز ٹیم کی رواں ماہ لاہور آمد، چہلم حضرت امام حسینؑ اور عرس داتا دربار کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ سی سی پی او کا کہنا تھا کہ شہر میں موجود فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی کڑی نگرانی کی جائے۔ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ہونیوالے اجلاس میں ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف، ڈی آئی جی انویسٹی گیشنز چودھری سلطان، ایس ایس پی ایڈمن رانا ایاز سلیم، ایس ایس پی آپریشنز منتظر مہدی، سی ٹی او رائے اعجاز سمیت تمام ڈویژنل ایس پیز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ویسٹ انڈیز ٹیم کی سکورٹی کے حوالے سے گزشتہ سکیورٹی پلان پر نظرثانی کی گئی جس میں سکیورٹی کی بنا پر شہریوں کو ٹریفک بلاک کی پریشانی سے بچانے کیلئے منصوبہ بندی کی گئی۔ سی سی پی او کا کہنا تھا کہ چہلم اور عرس کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جائیں اور اس حوالے سے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائے جائیں۔ سی سی پی او نے تمام افسران کو احکامات جاری کئے کہ چہلم تک روزانہ کی بنیاد پر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی مدد سے سرچ آپریشن اور کومبنگ آپریشن کئے جائیں۔