آئندہ جو بھی وزیراعلٰی کرپشن کریگا اسکا انجام نواب ثناء اللہ زہری کیطرح ہوگا، سید محمد رضا
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) ایم ڈبلیو ایم کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا نے کہا ہے کہ میں شہداء کے خانوادوں کو سلام پیش کرتا ہوں، جنہوں نے اسی مقتل گاہ سے اپنے شہداء کے ٹکڑوں کو اُٹھایا۔ یہی وہ مقام ہے جہاں پوری قوم نے سخت سردی میں استقامت کا مظاہرہ کیا۔ آج کا دن شہداء کے لہو سے تجدید عہد کا دن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں سانحہ علمدار روڈ کے شہداء کی پانچویں برسی کے سلسلے میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ریاست سے شکوہ ہے کہ آج تک ہمارے قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ پورے ملک میں ہم نے فوجیوں پر حملے نہیں کئے اور نہ ہی ہم نے فوجیوں کے سروں کے ساتھ فٹبال کھیلے۔ آج اللہ نے آپ کے نمائندے کو عزت بخشی ہے اور ہم نے ایک کرپٹ وزیراعلٰی کو مستعفی ہونے پر مجبور کر دیا۔ آج کے بعد اگر کوئی بھی وزیراعلٰی کرپشن کرے گا تو اس کا انجام بھی یہی ہوگا۔ میری نواب ثناء اللہ سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں تھی، میں اپنی قوم کے لئے میدان میں کھڑا ہوں۔ مجھے خریدنے کی بارہا کوششیں کی گئیں، لیکن میں نہ کبھی بکا اور نہ کبھی جھکا۔ میں نے آج تک نہ وزارت کا تقاضا کیا ہے اور نہ مشیر کا تقاضا کیا۔ بلکہ اگر تقاضا کیا بھی ہے تو اپنے حلقے میں یونیورسٹی کا کیا۔ اس کے علاوہ اپنے بیروزگار جوانوں کے لئے نوکریوں کا تقاضا کیا۔
ایم ڈبلیو ایم کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا کا مزید کہنا تھا کہ ہم کوئٹہ کی آبادی کا پانچواں حصہ ہیں۔ ہمارا حق کیوں پامال کیا جا رہا ہے۔؟ میں نے اپنی قوم کا ساتھ دینے کا وعدہ کیا تھا اور آج بھی اپنے وعدے پر قائم ہوں۔ میں آج جس مقام پر ہوں وہ سب آپ کی بدولت ہے۔ میں اسمبلی اور پورے پاکستان میں آپ کا نمائندہ ہوں۔ اگر نواز شریف اور نواب ثناء اللہ خان زہری کا مواخذہ ہوسکتا ہے تو یہاں کے چوروں کا احتساب بھی ہوگا۔ ہم پوری قوم کے سامنے انہیں بے نقاب کریں گے۔ اس حلقے کے فنڈز بلوچستان حکومت کے پاس پڑے ہوئے ہیں۔ انشاء اللہ مستقبل میں یہ تمام پراجیکٹ مکمل ہوں گے۔ شہداء کے خانوادوں کے لئے ہاؤسنگ سکیم اور نوجوانوں کے لئے یونیورسٹی کا قیام میری اولین ترجیح ہے۔