وزیر اعلیٰ بلوچستان کا شہریوں سے سوشل میڈیا کے ذریعے رابطے کا اعلان
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے سوشل میڈیا کے ذریعے شہریوں کے مسائل سننے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ فیس بک اور واٹس ایپ کے ذریعے شہری اپنے مسائل براہ راست مجھے بتاسکیں گے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ہم عوامی مسائل کے حل پر یقین رکھتے ہیں، ملازمتوں پر مستحق افراد کا حق ہے لوگوں کے مسائل سننے کے لیے کھلی کچہری کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ وہ جلد ہی سوشل میڈیا کے ذریعے عوام سے براہ راست منسلک ہوں گے جہاں شہری واٹس ایپ اور فیس بک پر اپنے مسائل براہ راست انہیں بتا سکیں گے۔واضح رہے کہ تین روز قبل کھلی کچہری میں ملنے والی 5 سو سے زائد درخواستوں پر سائلین کو 3 روز تک ان درخواستوں پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی گئی تھی جس کے بعد وزیر اعلیٰ بلوچستان نے وعدوں پر عمل درآمد شروع کرتے ہوئے 500 سے زائد درخواستوں پر احکامات جاری کردیے ہیں۔