خیبر پی کے، آئمہ مساجد کورواں ہفتے سے وظائف دینے کا فیصلہ
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبررساں ادارہ)خیبر پی کے کابینہ نے تجویز کردہ تمام کیٹیگریز کے آئمہ مساجد کو وظائف دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو وظائف کی ادائیگیوں کا سلسلہ مارچ کے پہلے ہفتے میں شروع کرنے کی ہدایت کی ہے ،صوبائی کابینہ نے سی پورٹ کے ذریعے درآمد ہونے والی لکڑی کو فارسٹ ڈیوٹی سے مستثنیٰ قرار دینے ، خیبرپی کے ترمیمی بل2018ء برائے تقرری لاء آفیسرز اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ خیبر پی کے ایکٹ 2010ء میں ترامیم کی منظوری دیدی ہے دوسری جانب وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے پشاور ہائی کورٹ بار کیلئے گرانٹ کی قواعد وضوابط کی روشنی میں فوری ادائیگی کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ اُن کی طرف سے کئے گئے تمام اعلانات پر فوری عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ صوبائی کابینہ کا اجلاس بدھ کے روز وزیر اعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں کابینہ کے اراکین ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، انتظامی سیکرٹریوں اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ کابینہ نے سمری میں تجویز کردہ تمام کیٹیگریز کے آئمہ مساجد کو وظائف دینے کا فیصلہ کیا ہے اب تک 20ہزار 699 آئمہ مساجد کے کوائف موصول ہو چکے ہیں وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ جوں جوں مزید کوائف موصول ہوں انہیں بھی شامل کیا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ وظائف کی ادائیگیوں کا سلسلہ مارچ کے پہلے ہفتے میں شروع کیا جائے محکمہ خزانہ اور محکمہ اوقاف مل بیٹھ کر طریقہ کار کو مزید سہل بنائیںتاہم یہ ادائیگیاں متعلقہ ڈپٹی کمشنر کےذریعے کی جائیں گی۔آئی این پی کے مطابق پرویز خٹک نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نوازشریف کے بعد اب وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی باری آن پہنچی ہے، تاریخ میں پہلی مرتبہ بااثر خاندان کااحتساب ہو رہاہے، آج تک لاکھوں کے چور سلاخوں کے پیچھے جارہے تھے مگر اب وقت آگیا ہے کہ ارب پتی چور سلاخوں کے پیچھے جائیں گے، پاکستان تحریک انصافکے چیئرمین عمران خان نے 2018 کے عام انتخابات کے لئے نئے انتخابی منشور پر کام شروع کردیا ہے ،پورا ملک خیبرپی کےکو دیکھ کر نظام کی تبدیلی کا نعرہ لگا رہاہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے میرہ مصری بانڈہ میں سابق ناظم جابر حسن کی قیادت میں زیرک خیل قوم کے تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔