قرآنی و اسلامی اصطلاحات کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہ کیا جائے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سربراہ شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے موجودہ کشیدہ سیاسی صورتحال میں زور دیا ہے کہ قرآنی و اسلامی اصطلاحات کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے سے گریز کیا جائے، دینی اصطلاحات کو اپنے سیاسی اختلافات و مقاصد کیلئے استعمال کرنے سے آفاقی تعلیمات اور دینی اقدار کی سبکی کے مترادف ہے، سیاستدان اخلاقیات کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنا نکتہ نظر بیان کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے حالیہ سیاسی صورتحال، سیاست میں اسلامی و قرآنی اصطلاحات و وضاحت کیلئے بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا چھوٹے چھوٹے سیاسی مقاصد، اختلافات، تضادات کیلئے دینی اصطلاحات کو استعمال کرنا اس آفاقی پیغام و تعلیمات و دینی اقدار کی سبکی کے مترادف ہے، جس کے باعث معاشرے میں مزید غلط فہمیاں پیدا ہونے کے اندیشہ ہے، اس لئے ان اصطلاحات کو سیاسی مقاصد کے استعمال سے گریز کیا جائے۔
یہ خبر بھی پڑھیں کامیابی کے حصول کیلئےاللہ کے بتائے ہوئے اصول اپناناہوں گے
انہوں نے کہا کہ تمام سیاست دان اپنا نکتہ نظر ضرور پیش کریں مگر اسے اخلاقیات کے دائرے میں رہتے ہوئے بیان کریں، صحت مند، مہذب معاشرے کے قیام میں اخلاقی پہلو ہی بنیاد ہے اگر بنیاد درست نہ ہو تو معاشرے میں بگاڑ پیدا ہوتا ہے، پاکستان اسلامی جمہوریہ وطن ہے جہاں ہر شخص کو اپنے عقیدے، سیاسی نظریے کیساتھ مذہبی و سیاسی و شہری آزادیاں حاصل ہیں، البتہ بطور ذمہ دار شہری ہر ملت کے ہر فرد پر کچھ اخلاقی، سیاسی، جمہوری، آئینی و قانونی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں اور ان سے روگردانی حقوق العباد کے ذمر ے میں آتی ہیں۔