شرک کا ارتکاب کرنیوالے شیعہ نہیں استعماری ایجنٹ ہیں، بشارت عظمٰی کانفرنس
شیعہ نیوز(پاکستان شیعہ خبر رساں ادارہ ) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر علامہ حافظ ریاض حسین نجفی کی زیر صدارت حوزہ علمیہ جامعۃ المنتظر کی 2 روزہ 64 سالہ تقریبات کے پہلے روز بشارت عظمٰی کانفرنس میں ملک بھر سے علماء و ذاکرین اور بانیان مجالس نے شرکت کی اور واضح کیا کہ عزاداری سید الشہداء تبلیغ اسلام کا بہترین ذریعہ ہے، جس سے دنیا بھر میں مظلوموں کی حمایت اور ظالموں سے نفرت کا درس ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ غیر ذمہ دار اہل منبر حضرات سٹیج حسینی پر بدعات اور خرافات پیش کر رہے ہیں، جن کا قرآن مجید اور تعلیمات اہلبیت (ع) سے کوئی تعلق نہیں، لوگوں کو ذات باری تعالٰی اور آخرت کی طرف متوجہ کرنے کی ضرورت ہے کہ دنیا آخرت کے حصول کا وسیلہ ہے۔ علماء نے واضح کیا کہ توحید اسلام کا بنیادی عقیدہ اور شرک کرنیوالا مرتد ہے، شرک کا ارتکاب کرنیوالا شیعہ اثناء عشری نہیں ہوسکتا، ہم ختم نبوت اور امامت پر غیر متزلزل ایمان رکھتے، ولایت علی علیہ السلام کو ایمان کی علامت اور ان سے بغض کو نفاق سمجھتے ہیں، نماز دین کا ستون ہے، جس کے پاس نماز نہیں، اس کی کوئی نیکی قبول نہیں اور جو اللہ کی بندگی نہیں کرتا، وہ رسول کی امت اور علی ؑ کا شیعہ نہیں ہوسکتا۔ کانفرنس سے علامہ سید ساجد علی نقوی، علامہ الشیخ محسن علی نجفی، علامہ نیاز حسین نقوی، علامہ محمد تقی نقوی، علامہ افتخار نقوی، ڈاکٹر علامہ محمد حسین اکبر، علامہ محمد افضل حیدری، علامہ سبطین سبزواری، علامہ محمد شفا نجفی، کرم علی حیدری، ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے زور دیا کہ سٹیج حسینی کا تحفظ کرنا ہوگا، شرک کا ارتکاب کرنیوالے شیعہ نہیں ہوسکتے، یہ نصیری اور استعماری ایجنٹ ہیں، جو سازش کے تحت ملت جعفریہ کو تقسیم اور بدنام کرنا چاہتے ہیں۔
علامہ حافظ ریاض نجفی نے صدارتی خطاب میں زور دیا کہ عوام قرآن مجید کو غور سے پڑھیں تو انہیں مولوی کی ضرورت نہیں پڑے گی، اتحاد حکم قرآن ہے، جس پر عملدرآمد ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دعوت اسلام کے ساتھ ہی سب سے پہلے توحید اور پھر نماز کا حکم آیا، پہلے نمازی خود حضرت محمد مصطفٰی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، حضرت علی علیہ السلام اور حضرت خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ تعالٰی عنہا ہیں، جو ان سے تعلق رکھتا ہے، نماز ترک نہیں کرسکتا۔ علامہ محمد تقی نقوی نے کہا کہ توحید، نبوت اور امامت کی توہین کرنیوالا استعماری ایجنٹ ہوسکتا ہے، شیعہ نہیں۔ علامہ افتخار نقوی نے مسلم فیملی لاز میں طلاق اور وراثت کے قوانین میں فقہ جعفریہ کے نقطہ نظر کے حوالے سے قانون سازی پر روشنی ڈالی۔ علامہ سبطین حیدر سبزواری نے شیعہ اثنا عشریہ کا غالیوں اور نصیریوں سے کوئی تعلق نہیں، ہمیں دین عزیز ہے، کسی سے رشتہ ناطہ نہیں۔ قدیمی درسگاہ کی تقریبات کا آغاز شیخ الجامعہ علامہ اختر عباس، مولانا صفدر حسین نجفی اور جامعہ کے مرحوم ٹرسٹیز کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور ان کی قبور مبارکہ پر پھولوں کی چادریں چڑھا کر کیا گیا۔ محسن ملت مولانا صفدر حسین نجفی مرحوم کے موسس کردہ مدارس کے پرنسپل صاحبان کا اجلاس بھی منعقد کیا گیا۔ جس میں ان مدارس کے تعلیمی اور تبلیغی امور کیساتھ مشکلات اور آئندہ کا لائحہ عمل بھی زیر بحث لایا گیا۔ تقریبات کے دوسرے روز یوم پاکستان کی مناسبت سے تقریب کا آغاز جامعۃ المنتظر میں پرچم کشائی سے ہوگا۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کی مجلس عاملہ کے اجلاس کی صدارت علامہ حافظ ریاض حسین نجفی کریں گے۔