Uncategorized

کراچی، بجلی کا مصنوعی بحران ختم نہ کیا تو احتجاجی مہم شروع کریں گے، احسن رضوی

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین کراچی کے سیکریٹری اطلاعات سید احسن عباس رضوی نے کراچی سمیت سندھ کے مختلف حصوں میں بجلی کی طویل دورانیے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ خصوصاً کراچی میں جاری بجلی کے مصنوعی بحران کا جلد خاتمہ نہ ہونے کی صورت میں پہلے مرحلے میں آگہی و تشہیری مہم اور دوسرے مرحلے میں احتجاجی مہم کا آغاز کریں گے، انہوں نے وفاقی وزیر بجلی و پانی اور چیف جسٹس آف پاکستان سے کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے مذمتی بیان میں احسن رضوی نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کو سہولیات کی فراہمی کی بجائے آئے دن ان کی مشکلات میں اضافے کا باعث بن رہی ہے، کراچی میں گرمی کے آغاز کے ساتھ ہی بارہ بارہ گھنٹے بجلی کی بندش حکومت کی ’’مثالی کارکردگی‘‘ پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں میٹرک کے امتحانات کا آغاز ہو چکا ہے اور کے الیکٹرک کی ’’مہربانیاں‘‘ طلباء و طالبات کی تیاری کے دوران ان کیلئے درد سر بنی ہوئی ہیں۔

احسن عباس رضوی نے کہا کہ ناعاقبت اندیش حکمرانوں اور کے الیکٹرک انتظامیہ نے گذشتہ سالوں میں ہیٹ اسٹروک اور لوڈشیڈنگ کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع سے سبق نہیں سیکھا، عوام کو صاف پانی، بجلی، گیس، صحت و صفائی اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی آئنی ذمہ داری ہے، لیکن ہر دور میں بے حس حکمرانوں نے اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے بجائے انہیں اخباری دعوؤں تک ہی محدود رکھا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی جماعت ہونے کی دعویدار پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی طرف سے عوام کیلئے کھڑی کی جانے والی مشکلات آئندہ عام انتخابات میں جماعت کی مقبولیت کیلئے سخت نقصان دہ ثابت ہوں گی۔ رہنما ایم ڈبلیو ایم نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button