غزہ میں فلسطینوں کا قتل عام صیہونیوں کا شرمناک اور ظالمانہ قدم ہے، انصر مہدی
شیعہ نیوز(پاکستان شیعہ خبر رساں ادارہ ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر انصر مہدی نے غزہ میں یوم الارض کی مناسبت سے غزہ میں ہونیوالے پُرامن مظاہرے کے دوران صہیونیوں کی جانب سے فلسطینیوں کے قتل عام کو شرمناک اور ظالمانہ اقدام قرار دیا ہے۔ لاہور میں عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام ہر سال 30 مارچ کو اپنی سرزمین پر صہیونی قبضے کیخلاف احتجاجاً یومِ الارض مناتے ہیں اور پُرامن ریلیاں نکالتے ہیں جو ان کا آئینی و قانونی حق ہے۔ مرکزی صدر نے غزہ پر اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسلامی ممالک اور انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ فقط بیانات کی حد تک اس جارحیت کی مذمت نہ کی جائے بلکہ جانبداری کے حصار سے باہر نکل کر اسرائیلی مظالم کیخلاف عملی اقدامات کرتے ہوئے برسوں سے اسرائیلی ظلم کی چکی میں پسنے والے فلسطینیوں کا محاصرہ ختم کروایا جائے۔ انصر مہدی نے کہا اسرائیل امریکی ایماء پر فلسطینیوں کیخلاف جارحیت کا مرتکب ہو رہا ہے، جو اس کے اپنی موت ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے امت مسلمہ کو اب خاموش نہیں رہنا چاہیے، کیونکہ یہ وقت خاموشی کا نہیں بلکہ استعمار کی نابودی کے آغاز کا ہے، اگر امت مسلمہ نے اپنے اتحاد کا مظاہرہ کیا تو اسرائیل کا ناجائز وجود لمحوں میں صفحہ ہستی سے مٹ سکتا ہے۔