پاکستانی شیعہ خبریں

دشمن نےسنی شیعہ علمی اختلافات کوقتل وغارت گری کا مسئلہ بنانے کی کوشش کی،علمائے کرام

شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)بلوچستان کے شیعہ و سنی علمائے کرام نے کہا ہے کہ کوئٹہ مذہبی رواداری اور اتحاد امت کے حوالے سے ہمیشہ مثالی شہر رہا ہے ، 10 محرم الحرام جلوس کے روٹ پر واقع اہلسنت کی مساجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی معمول کے مطابق ہوگی ، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے فوج کا کردار قابل ستائش ہے ، ان خیالات کا اظہار ممتاز عالم دین قاری عبدالرحمٰن ، بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر سید دائود آغا ، علامہ جمعہ اسدی ، ڈاکٹر عطاء الرحمٰن ، علامہ سید ہاشم موسوی و دیگر نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر قاری رشید،سید نقیب اللہ آغا،علامہ یوسف عابدی ،علامہ مزمل، کونسلر میر محمد اسلم رند سمیت دیگر بھی موجود تھے ، انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے میدان کربلا میں اسلام کی عظمت اور دین کے بقاء کیلئے شہادت کو ترجیح دے کر امت کو استبدادی نظام ، ظلم ، کفر کیخلاف جدوجہد کا درس دیا ، انہوں نے کہا کہ اس سال یوم عاشور جمعتہ المبارک کو آرہا ہے اس حوالے سے سنی و شیعہ علماء کرام و بلوچستان شیعہ کانفرنس نے مشترکہ پالیسی وضع کی ہے ، جلوس کے روٹ پر واقع اہلسنت کی متعدد جامع مساجد میں نماز جمعہ کا اہتمام اور ادائیگی کے پیش نظر کوئٹہ کے علماء ،خطیبان اور متولی حضرات نے باہمی رضا مندی سے اس پر
اتفاق کیا ہے کہ جلوس کی روٹ پر واقع اہلسنت کی جامع مساجد میں اہلسنت پورے اہتمام کیساتھ نماز ادا کرینگے اس ضمن میں کوئی رکاوٹ نمازیوں کیلئے حائل نہیں ہوگی ، انتظامیہ اور پولیس حکام نے اہلسنت کو اس بابت ضمانت فراہم کی ہے لہٰذا شہری افواہوں پرکان نہ دھریں ، کوئٹہ میں اہلسنت کی نماز جمعہ ایک بجے سے لیکر ڈیڑھ بجے کے دوران ادا ہو تی ہے لہٰذا جلوس روٹ پر واقع مساجد کی انتظامیہ سے اپیل ہے کہ وہ نماز جمعہ ڈیڑھ بجے تک ادا کریں تاکہ اس کے بعد عزاداری جلوس کو سہولت کے ساتھ گزارا جائے ، انہوں نے کہا کہ ہمارے باہمی اختلافات علمی ہیں جن کو اسلام دشمن قوتوں نے ہمیشہ قتل و غارت گری کا مسئلہ بنانے کی ناکام کوشش کی ،علما کرام کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عوام کو اسلامی تعلیمات سے آگاہ کریں ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button