بدلتا ہے رنگ آسماں کیسےکیسے،مولانا فضل الرحمٰن کی اتحادی شیعہ علماءکونسل کا تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) بدلتا ہے رنگ آسماں کیسے کیسے،جی ہاں یہ کہاوت یہاں بالکل صادق آئے گی ،مولانا فضل الرحمٰن کی اتحادی شیعہ علماءکونسل نے تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کردیا،تفصیلات کے مطابق
متحدہ مجلس عمل میں شامل شیعہ علماءکونسل کےمرکزی نائب صدرو متحدہ مجلس عمل کی سپریم کونسل کے رکن علامہ رمضان توقیرنے PK-97ڈیرہ اسماعیل خان کے ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیداوار فیصل امین خان گنڈاپور کی حمایت کا اعلان کردیا ہے، شیعہ علماءکونسل کے مرکزی رہنما علامہ رمضان توقیر اور دیگر ضلعی رہنمائوں نے پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار فیصل امین خان گنڈاپورکی حمایت کا باقائدہ اعلان پریس کانفرنس کے دوران کیا ہے، اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور بھی شیعہ علماءکونسل کے رہنمائوں کے ہمراہ موجود تھے۔
واضح رہے کہ شیعہ علماءکونسل کی سیاسی پالیسی بھی متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے نقش قدم پر چل نکلی ہے، جس کا کوئی قبلہ نہیں ہے، شیعہ علماکونسل نے2002کے انتخابات میں متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے حصہ لیا،2008کے انتخابات میں متحدہ مجلس عمل کی غیر فعالیت کے باعث اور اپنے مقابل کسی دوسری شیعہ جماعت کے ناہونے کے سبب خاموشی اختیار کرنےمیں عافیت جانی جبکہ 2013کے انتخابات میں شیعہ علماءکونسل نے پاکستان پیپلز پارٹی کی ملک گیر سطح پر حمایت کا اعلان کیا جس کے اشتہارات تمام ٹی وی چینلز پر چلائے گئے،لیکن پی پی پی کی جانب سے دعدہ خلافیوں کے بعد شیعہ علماءکونسل نے مولانا فضل الرحمٰن کی سیاسی حکمت عملی پر عمل کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں محمد نواز شریف سے راہ ورسم بڑھاناشروع کردیئے جس کے نتیجے میں ن لیگ نے شیعہ علماءکونسل کو وقتی طور پر کالعدم جماعتوں کی فہرست سے نکال کر گلگت بلتستان الیکشن میں شیعہ ووٹ بینک کی تقسیم اور اپنی حکومت کے قیام کیلئے راہ ہموار کرنے کیلئے استعمال کیا اور بعد ازاں وفاقی حکومت کی جانب سے کالعدم جماعتوں کی جاری تازہ فہرست میں دوبارہ تحریک جعفریہ اور اسلامی تحریک کا نام شامل کردیا گیا۔
حالیہ قومی انتخابات 2018میں شیعہ علماءکونسل نے متحدہ مجلس عمل کے اتحاد میں شامل ہوکر انتخابات میں حصہ لیا تھا اس اتحاد کی قیادت جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کررہے ہیں جو کہ ہر برسراقتدار حکومت کے ساتھ ساز باز کرکے وزارتیں بٹورنے میں ماہر گردانے جاتے ہیں، لیکن حالیہ انتخابات میں متحدہ مجلس عمل کی ذلت آمیز شکست کے بعد اس اتحاد کی ایک اہم حصہ دار جماعت شیعہ علماءکونسل نے اپنے اتحاد کے قائد مولانا فضل الرحمٰن کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے برسراقتدار جماعت پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کیلئے PK-97ڈیرہ اسماعیل خان کے ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیداوار فیصل امین خان گنڈاپور کی حمایت کا اعلان کردیا ہے، جبکہ شیعہ علماءکونسل کے مرکزی رہنما علامہ عارف واحدی کی بھی تحریک انصاف کے مرکزی قائدین اور وزراءکے ساتھ ملاقاتوں کے چرچے بھی زبان زدِ عام ہیں جوکہ متحدہ مجلس عمل میں مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل کے عہدے پر براجمان ہیں ۔