Uncategorized

القاعدہ کا اہم دہشتگرد گرفتار

شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) کراچی شہر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی میں کالعدم تنظیم القاعدہ برصغیر سے تعلق رکھنے والے ہائی پروفائل دہشت گرد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس بارے میں ایک سکیورٹی عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عمر جلال چانڈیو عرف کاٹھیو کو کراچی کے علاقے گلشن اقبال سے گرفتار کیا گیا۔ سندھ کے شہر میرپور خاص سے تعلق رکھنے والا ملزم جلال چانڈیو کوٹری میں طاہر منہاس عرف سائیں کے پڑوس میں رہائش پذیر تھا۔ سانحہ صفورہ پر بنائی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی تفتیشی رپورٹ میں یہ انکشاف ہوا تھا کہ القاعدہ برصغیر کے سابق امیر عبدالرحمٰن کے 2001ء میں کراچی سے گرفتار ہونے کے بعد جلال چانڈیو کو مقامی امیر بنایا گیا تھا۔ جے آئی ٹی کے مطابق جب طاہر منہاس القاعدہ برصغیر سے منسلک ہوا تو جلال چانڈیو نے اسے کراچی منتقل ہونے کا کہا۔

2015ء میں ایک پریس کانفرنس میں اس وقت کے سی ٹی ڈی کے چیف راجہ عمر خطاب نے بتایا تھا کہ جلال القاعدہ کے عرب نیٹ ورک سے منسلک ہے جبکہ حاجی صاحب کے (فرضی نام) سے کراچی اور بلوچستان کے علاقے وڑھ میں سرگرم تھا۔ جہاں یہ عسکری گروہ جو زیادہ تر بلوچ نوجوانوں پر مشتمل ہے اور اغوا برائے تاوان، دہشت گردی اور نیٹو کنٹینرز پر حملوں میں ملوث تھا۔ ذرائع نے میڈیا کو مزید بتایا کہ جلال چانڈیو کی اہلیہ بھی القاعدہ برصغیر کی سرگرم رکن ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button