سعودی عرب کی براہ راست سرمایہ کاری کسی نئے فتنے کو جنم دے سکتی ہے، مفتی گلزار نعیمی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جماعت اہل حرم کے سربراہ مفتی گلزار احمد نعیمی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں براہ راست سعودی سرمایہ کاری کسی نئے فتنے کو جنم دے سکتی ہے۔
ایک نیوز ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے مفتی گلزار نعیمی کا کہنا تھا کہ سعودی امداد سے اگر معاشی حالات پر کوئی فرق پڑے بھی تو میں یہ سمجھتا ہوں کہ ہمیں اس طرح براہ راست کسی ملک کو انویسٹمنٹ نہیں کرنے دینی چاہیئےکیونکہ یہ چیز پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری چاہیئے اسلامی ملک کی جانب سے ہو یا غیر اسلامی ملک کی طرف سے، ہر ریاست اپنے دفاع کو ترجیح دیتی ہے، سابقہ تجربات اور حالات کی روشنی میں بعض اسلامی ممالک کی براہ راست مداخلت نے فرقہ واریت کو ہوا دی ۔ پاکستان میں ایک خاص مسلک کو سپورٹ کیا گیا اور انہیں مالی طورپر مضبوط کیا گیاجبکہ دیگر مکاتب فکر کو دیوار سے لگایا گیا۔ یہ امدادشروع میں اچھی لگتی ہے لیکن بعد میں اس کے خطرناک نتائج بھگتنے پڑتے ہیں۔