عزاداروں کی بڑی کامیابی، مجلس روکنے کا نوٹیفکیشن معطل ہوگیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) لاہور ہائی کورٹ میں عزاداروں نے مجلس عزا پر پابندی لگانے کیخلاف مقدمہ جیت لیا،پابندی کا نوٹیفکیشن معطل۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے امام بارگاہ میں مجالس کی اجازت نہ دینے کا ضلعی انتظامیہ کا حکم کالعدم قرار دیدیا۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر، سی پی او گوجرانوالہ کا اجازت نہ دینے کا حکم بھی کالعدم قرار دیا۔ جسٹس شاہد کریم نے سید محمد رضا کی درخواست پر سماعت کی،درخواستگزار کی جانب سے سید مصطفٰی نقوی ایڈووکیٹ اور سید مرتضٰی نقوی ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ درخواست گزار وکلاء نے موقف اختیار کیا کہ مرکزی امام بارگاہ گوجرانوالہ میں مجالس کی اجازت نہیں دی جا رہی، آباؤ اجداد سالانہ مجالس کا انعقاد کرواتے رہے ہیں، امام بارگاہیں مجالس کے انعقاد کیلئے ہی بنائی جاتی ہیں، مجالس کی اجازت نہ دینا آئین کی خلاف ورزی ہے۔
درخواست گزارو وکلاء نے بتایا کہ سی پی او اور ڈی سی گوجرانوالہ کو مجالس کیلئے درخواست دے رکھی ہے۔ درخواستگزار نے استدعا کی کہ عدالت ضلعی انتظامیہ کو امام بارگاہ میں مجالس کی اجازت دینے کا حکم دے۔ ڈی سی اور سی پی او گوجرانوالہ کی جانب سے دیئے گئے جواب میں کہا گیا کہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر مجلس کی اجازت نہیں دی۔ جس پر سید مصطفٰی نقوی ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ بغیر کسی وضاحت یا تفصیلی رپورٹ کے صرف زبانی بیان پر مجلس کو روکا نہیں جا سکتا۔ سپریم کورٹ کے فیصلوں کے مطابق ہر شہری کا بنیادی حق ہے کہ وہ اپنی مذہبی عقائد پر عمل کر سکے۔ جس پر فیصلہ سناتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ نے امام بارگاہ میں مجالس کی اجازت نہ دینے کا ضلعی انتظامیہ کا حکم کالعدم قرار دیدیا۔