Uncategorized

بھارتی دباؤ پر کالعدم تنظیموں کیخلاف کارروائی کی جا رہی ہے ، علامہ سید جواد نقوی

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)  تحریک بیداری امت مصطفی کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات غیرتمند قوم کے شایان شان نہیں، ان کی اب تک کی خارجہ اور داخلہ پالیسیاں واضح ہیں کہ پاکستانی حکمران ٹولہ جو بھی کام کرتا ہے، دباو میں ہی کرتا ہے، کالعدم تنظیموں کیخلاف کارروائی بھارتی دباو اور ایف اے ٹی ایف کی شرائط کو پورا کرنے کیلئے کی جا رہی ہے، اگر یہ آئین کے تحت کیا جا رہا ہوتا تو عام حالات میں بھی کیا جاتا لیکن پلوامہ واقعہ کے بعد بھارتی دباو میں کالعدم تنظیموں کیخلاف کارروائی کرکے قوم کو ذلیل کیا جا رہا ہے اور یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ ہم بیرونی دباو میں کام کر سکتے ہیں جو بھی ملک کروانا چاہے، وہ ہم سے کروا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک ذلیل کام ہے اور حکمران پاکستان کی قوم کے مزاج سے مطابقت نہیں رکھتے، حکمران بھارتی دباو کے سامنے جھک گئے ہیں تو یہ مستقبل میں بھی بہت نقصان کریں گے، یہ بھی خدشہ موجود ہے کہ امریکہ دباو میں ان سے ایٹمی پروگرام ختم کروا دے یا کہیں امریکی فرنٹ مین سعودی شہزادہ بن سلمان ہی نہ خرید لے۔ حکمرانوں کو چاہئے کہ اگر وہ حکومت سنبھالنے کی خواہش کرتے ہیں تو اس سے قوم کی غیرت کے تقاضے بھی پورے کریں ایسا نہ ہو کہ یہ قومی وقار ہی ختم کر دیں، لیکن واضح رہے کہ عوام کبھی اس کی اجازت نہیں دیں گے۔

جامعہ عروۃ الوثقیٰ میں خطاب کرتے ہوئے علامہ جواد نقوی نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف کے دور میں کالعدم تنظیموں کی تعداد 61 تھی، جو اب 68 تک پہنچ چکی ہے مگر قابل ذکر کالعدم تنظیمیں پہلے سے فعال بھی ہیں اورنئے ناموں سے انتخابات میں حصہ بھی لے رہی ہیں۔ دسمبر 2014 کے آرمی پبلک اسکول سانحہ کے بعد نیشنل ایکشن پلان تشکیل پایا اور دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے آپریشن ضرب عضب پوری شدت کیساتھ شروع ہوا۔ حالانکہ اس سے پہلے بھی پورے ملک میں عوام الناس بالعموم اور اہل تشیع بالخصوص دہشتگردوں کا نشانہ بنتے رہے مگر کسی نے توجہ نہ دی۔ اب 2019 میں کالعدم تنظیموں کیخلاف آپریشن ایک بار پھر شروع ہوا ہے، جس میں فرقہ وارانہ دہشتگردی اور تکفیریت میں ملوث گروہوں کو چھوڑ دیا گیا ہے، جبکہ جیش محمد اور جماعت الدعوہ اس آپریشن کے بڑے شکار ہیں، جن کے مدارس، مساجد اور طبی مراکز کو سرکاری تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور کچھ وزرا متعدد بار وضاحت کر چکے ہیں کہ آپریشن بیرونی دباو کا نتیجہ نہیں، حالانکہ کہ ان کا یہ بیان ہی سب کچھ بتا رہا ہے کہ اصل ماجرا کیا ہے؟ علامہ جواد نقوی نے کہا کہ بھارت میں انتخابات کے قریب آتے ہیںحالات کشیدہ ہو جاتے ہیں، جس کا سب سے زیادہ شکار مسلمان ہوتے ہیں اور پاکستان کیخلاف نفرت عروج پر پہنچ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں ایک گروہ الیکشن کیلئے جنگی ماحول بنا رہا ہے، دوسرا پاکستانی نظام اور تیسرا مسلمانوں کا خاتمہ چاہتا ہے۔ ان سب کا شکار عوام ہی ہوں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ سعودی ولی عہد بن سلمان سیاستدان نہیں، گینگسٹر ہیں، جو دھڑلے سے بغیر کسی مصلحت کے کہتا ہے کہ مغرب کی خواہش پر 100 سال پہلے تشکیل پانے والی وہابیت کو انہیں کی ہدایت پر واپس ختم کیا جا رہا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button