داعش کے خلاف گھیرا تنگ، ایبٹ آباد سے ایک اور داعشی گرفتار
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ملک بھر میں کالعدم تنظیموں اور گروہوں کے خلاف کارراوائیاں جاری ہیں۔ خیبر پختونخوا میں انسداد دہشت گردی فورس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے داعش کا نیٹ ورک چلانے والے مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے شہر ایبٹ آباد میں سی ٹی ڈی ہزارہ نے یہ اہم کارروائی کی اس موقع پر داعش کا نیٹ ورک چلانے والا مبینہ دہشت گرد مجیب الرحمٰن کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار مبینہ دہشت گرد مجیب الرحمٰن کا تعلق کراچی سے ہے۔ مجیب الرحمٰن کراچی اور پنجاب میں بڑی دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا جن میں ٹارگٹ کلنگ، بم دھماکوں، بینک ڈکیتیوں سمیت سنگین دہشت گردی کی وارداتیں شامل ہیں۔
یاد رہے کہ گذشتہ دنوں صوبہ بلوچستان کے علاقے لورالائی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2 خودکش بمباروں سمیت 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی میں بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کا ماسٹر مائنڈ بھی ہلاک ہوگیا۔ ہلاک ماسٹر مائنڈ کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا۔