Uncategorized

شیعہ لاپتہ افراد کے معاملے پر علامہ ساجد نقوی بھی بول پڑے، حکومتی ایوانوں میں لرزہ

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)  شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد کے معاملے پر تسلسل کے ساتھ گہری تشویش کا اظہار کیا جاتا رہا ہے کہ پاکستانی شہریوں کے خلاف یہ اقدام زیادتی اور انسانی و شہری حقوق کی خلاف ورزی کے مترادف ہے، جو یقیناً قابل مذمت فعل ہے۔ علامہ ساجد علی نقوی کے مرکزی دفتر سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں ترجمان نے کہا ہے کہ عوام کو درپیش لاپتہ افراد کا مسئلہ ملک کا سنگین مسئلہ ہے، جو قابل افسوس اور عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بغیر کوئی جرم ثابت ہوئے، اپنے ہی شہریوں کے ساتھ گھناونی اور خلاف قانون، جابندارانہ کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ عدل و انصاف سب کیلئے برابر ہونا چاہیئے نہ کہ کسی کیلئے کچھ اور عوام کیلئے کچھ اور ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی پر کوئی الزام اب تک بھی ثابت نہیں ہوا ہے، تو اس کی فوری بازیابی ہونی چاہیئے اور جن پر الزام عائد کرکے گرفتار کیا گیا ہے، غیر جانبدارانہ تحقیقات کیلئے انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے، تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں اور انصاف سب کو ہوتا ہوا نظر آئے۔ آخر میں ترجمان نے علامہ سید ساجد علی نقوی کی جانب سے لاپتہ افراد کے خانوادوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے لاپتہ افراد کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا اور حکومت پر زور دیا کہ وہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کو سبوتاژ کرنے والے سرکاری اہلکار پاکستانی شہریوں کو غیر قانونی طور پر ہراساں کرنے کے بھی مرتکب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت کے لاپتہ افراد کے سنگین مسلے کو حل کرنے کیلئے بروقت اقدامات یقینی بنائے گی اور عوام میں پھیلی بے چینی کو دور کرنے اور ان کے اعتماد کی بحالی میں کردار ادا کرے۔

واضح رہے کہ اب تک شیعہ علما کونسل کے سربراہ علامہ ساجد علی نقوی نے شیعہ لاپتہ افراد کے معاملے پر خاموشی اختیار کر رکھی تھی تاہم لاپتہ عزاداروں کے خانوادوں کی جانب سے دیے گئے دھرنے کے بعد علامہ ساجد نقوی کامذمتی بیان سامنے آگیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button