حکومتی بے حسی کیخلاف 22 جولائی کو پورا ملک جام کر دیں گے، مسرت کاظمی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے قائم مقام جنرل سیکرٹری سید مسرت عباس کاظمی نے لاہور میں صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف کارروائی میں سب سے بڑی رکاوٹ حکمران جماعت ہے، پنجاب میں آپریشن رکوا کر دہشتگردوں کے سرپرستوں کو تحفظ دیا گیا، موجودہ حکمرانوں میں جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں، اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کے بیان سے ہم اتفاق کرتے ہیں کہ موجودہ حکمرانوں کے کالعدم تکفیری گروہ سے گہرے مراسم ہیں، ہم اسی سوچ کیخلاف گذشتہ 2 ماہ سے زائد عرصے سے سڑکوں پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس کے بھوک ہڑتال کو 2 ماہ گزر گئے لیکن بے حس حکمران ٹس سے مس نہیں ہوئے، اب ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے، ہم پنجاب سمیت پورے ملک میں سڑکوں پر نکلیں گے، 17 جولائی کو ملک بھر میں ہماری خواتیں ظلم و بربریت کیخلاف سڑکوں پر آئیں گی اور 22 جولائی کو ملک بھر کے اہم شاہراہوں پر دھرنے ہونگے، مرحلہ وار ہم اپنے احتجاج میں پرامن طور پر تیزی لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ حکمرانوں کو عوامی مفادات سے کوئی غرض نہیں، اقتدار اور کرسی کے پجاری قومی وسائل کو ہڑپ کرنے اور اپنے گھناونے جرائم پر پردہ ڈالنے میں مصروف ہیں۔