22 کروڑ عوام اسرائیل تسلیم کرنیکی بات کرنیوالے کی سیاست کو ختم کردیں گے، علی محمد خان
شیعہ نیوز:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے پاکستانی وفد کے حالیہ دورہ اسرائیل پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ علی محمد خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ آخر اسرائیل کو تسلیم کرنے کا شوشہ بار بار کیوں چھوڑا جاتا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ قوم کا متفقہ موقف ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، 22 کروڑ عوام اس شخص کی سیاست ختم کر دیں گے جو ایسی غلط بات کرے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی وفد نے اسرائیل کا دورہ کیا ہے۔ اسرائیلی نیوز چینل کی خبر کے مطابق پاکستانی وفد نے رواں ہفتے اسرائیل کا دورہ کیا جس کی قیادت سابق وزیر نسیم اشرف نے کی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل کا دورہ کرنے والا وفد 9 ارکان پرمشتمل تھا، وفد کے 4 ارکان ایسے ہیں جو پاکستان میں رہتے ہیں جس میں ایک صحافی بھی شامل ہے۔