25 دسمبر، مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب کا انعقاد
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے 144ویں یوم پیدائش کے موقع پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب ہوئی۔
مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی میجر جنرل محمد علی ہیں۔ مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب میں بابائے قوم کو سلامی پیش کی گئی۔ سلامی کی تقریب کے بعد پاکستان ملٹری اکیڈمی کے چاق و چوبند دستے نے مزار پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ تقریب میں خواتین کیڈٹس کا دستہ بھی شامل ہے۔ پاک فضائیہ کا دستہ اپنے فرائض سے سبکدوش ہوا۔
تقریب میں اعلیٰ حکومتی، عسکری اور سیاسی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے 144ویں یوم پیدائش پر کراچی میں مزار قائد کو سبز رنگ کی روشنیوں سے سجا دیا گیا۔ مزار قائد کے احاطے میں بھی مختلف لائٹس نصب کی گئی ہیں، جو خوب صورت منظر پیش کر رہی ہیں۔ اہم حکومتی، سیاسی و سماجی شخصیات اور بڑی تعداد میں شہری مزار قائد پر حاضری دے کر اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کریں گے۔