Uncategorized

امجد صابری قتل کیس، سی ٹی ڈی کا کالعدم تنظیم کے 3 دہشگردوں کی گرفتاری کا دعویٰ

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )  کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے امجد صابری قتل کیس میں 3 ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جن کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا جاتا ہے۔ پولیس کے مطابق امجد صابری کے قتل میں 5 ملزمان ملوث ہیں، جن میں سے سی ٹی ڈی نے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، جن کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان سے تفتیش کے بعد کراچی کے کئی علاقوں میں چھاپے بھی مارے گئے، جس کے نتیجے میں کئی مشکوک افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی اداروں نے ان لوگوں سے بھی تفتیش کی ہے، جن کی قتل سے چند روز پہلے امجد صابری سے ملاقاتیں ہوئیں تھیں، جبکہ تحقیقاتی ادارے اب تک حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں تحقیقات کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ رمضان المبارک میں امجد صابری کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں قتل کیا گیا، جہاں موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں امجد صابری موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

 

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button