پاراچنار، دہشتگردی میں جاں بحق ہونیوالوں کے ورثاء میں 3 کروڑ روپے تقسیم
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) کرم ایجنسی میں دہشت گردی کا شکار ہونے والے خاندانوں کے 1920 جاں بحق اور زخمیوں میں 25 کروڑ 36 لاکھ روپے کی تقسیم کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ جن میں سے 100 جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء میں کمشنر کوہاٹ ڈویژن مسرت حسین خان نے 3 کروڑ کے چیکس تقسیم کئے۔ باقی جاں بحق اور زخمیوں کے ورثاء میں سلسلہ وار چیک تقسیم کئے جائیں گئے۔ اس موقع پر گورنر کاٹیج پاراچنار میں خطاب کرتے ہوئے کمشنر کوہاٹ ڈویژن مسرت حسین خان نے کہا کہ ہم دہشت گردی کا شکار ہونے والے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں اور انکے سے مالی تعاون جاری رکھیں گے۔
کرم ایجنسی میں علاقے کے قبائل، مشران، پولیٹیکل انتظامیہ اور سکیورٹی فورسز کی کوششوں کا نتیجہ ہے کہ آج امن کی فضاء کے بعد سیاحوں نے کرم ایجنسی پاراچنار کا رخ کر لیا ہے۔ مسرت حسین نے کہا کہ کرم ایجنسی میں کسی بدامنی کی اجازت نہیں دینگے اور دہشتگردوں کی سرکوبی کیلئے ہروقت حکومت کا ساتھ دیکر امن کو سبوتاژ کرنے والوں کی نشاندہی کریں اور بدامنی کی کوشش کرنے والے عناصر کو موقع نہیں دیا جائے۔ پروگرام میں پولیٹیکل ایجنٹ اکرام اللہ خان، کمانڈنٹ ایف سی عمر ملک، اے پی اے شاہد علی خان اور دیگر عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔