
رفح کے مشرق میں اسرائیلی گولہ باری کے نتیجے میں 3 فلسطینی شہید
شیعہ نیوز: جنگ بندی کے معاہدے کی نئی خلاف ورزی کرتے ہوئے جنوبی غزہ کی پٹی کے رفح شہر کے مشرق میں شہریوں کو نشانہ بنانے والی اسرائیلی گولہ باری اور فائرنگ کے نتیجے میں ہفتے کی صبح تین شہری شہید ہو گئے۔
مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ ایک اسرائیلی ڈرون نے رفح کے مشرق میں ابو حلوہ کے علاقے میں شہریوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں شہری محمود حسین فرحان الحیسی اور مہدی عبداللہ نادی جرغون شہید ہو گئے۔
جب کہ رفح شہر کے مشرق میں تنور محلے میں جارج اسٹریٹ پر قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 53 سالہ شہری عبدالمنعم علی حمدان قشطہ شہید ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں : کولمبیا یونیورسٹی کا فلسطینی حامی طلباء کے خلاف کریک ڈاؤن، آزادی اظہار کا امریکی انداز!
شہریوں نے بتایا کہ قابض فوج کےٹینکوں نے جنوبی غزہ کی پٹی میں رفح کراسنگ کے گرد شدید گولہ باری کی۔
کل جمعہ کو غزہ شہر کے مشرق میں واقع شجاعیہ محلے کے مشرق میں شہریوں کے ایک گروپ پر اسرائیلی ڈرون کی بمباری سے دو شہری شہید ہو گئے۔ طبی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ دونوں شہدا کی شناخت علاء عماد اسلم اور ان کے کزن محمد سبحان اسلم کے ناموں سے کی گئی ہے۔
گذشتہ جمعرات کی شام غزہ شہر کے مشرق میں شہریوں کے ایک اجتماع کو نشانہ بنانے والی اسرائیلی گولہ باری کے نتیجے میں تین شہری ہلاک اور دیگر زخمی ہو گئے تھے۔
حماس کی طرف سے شائع کردہ اعداد و شمار کے مطابق 19 جنوری کو نافذ ہونے والے جنگ بندی معاہدے کی اسرائیلی قابض فوج نے 960 سے زائد خلاف ورزیاں کی ہیں۔
سات اکتوبر 2023 سے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوجی جارحیت سے شہید ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 48,446 ہو گئی ہے، اس کے علاوہ 111,852 زخمی ہوئے ہیں۔