’را‘ سے تعلقات، کراچی پولیس نے بلدیاتی اداروں کے 300 گھوسٹ ملازمین کا ڈیٹا حاصل کرلیا
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں دارہ)شہر قائد کے بلدیاتی اداروں میں بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے مختلف سلیپر سیل کی موجودگی کے بعد کراچی پولیس نے ’را‘ سے تعلقات کی تحقیقات کیلئے بلدیاتی اداروں میں تین سو گھوسٹ ملازمین کا ڈیٹا حاصل کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی نوید خواجہ کا کہنا ہے کہ حال ہی میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے تعلقات کے شعبے میں ہونے والی مشتبہ گرفتاریوں کے بعد قومی انٹیلیجنس ایجنسیاں مشتبہ افراد سے باخبر رہنے کیلئے ایک دوسرے سے ڈیٹا کا تبادلہ کر رہی ہیں، جنہوں نے آٹھ مشتبہ افراد کی گرفتاریاں کی ہیں، اور ان کا تعلق ’را‘ سے پایا گیا ہے، یہ تمام بلدیاتی اداروں کے ملازمین ہیں، ان آٹھ مشتبہ افراد کی گرفتاری کے بعد ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام گھوسٹ ملازمین کا ڈیٹا حاصل کیا جائے، لہٰذا ہم نے دو سو ملازمین کا کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور سو کا کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن سے ڈیٹا حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاؤنٹر ٹیرازم اتھارٹی (سی ٹی ڈی) اہلکار حاصل کئے جانیوالے ڈیٹا کے علاوہ دیگر معلومات بھی اکٹھی کر رہے ہیں، جس کے بعد مزید کارروائی اور ’را‘ کے ایجنٹس کی گرفتاری کی جائے گی، ’را‘ ایجنٹس کی گرفتاری نیا رحجان نہیں ہے، حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس سے قبل یہ الزام لگا چکے ہیں کہ بھارت اور افغانستان کی خفیہ ایجنسیاں سیاسی رہنماؤں کے ذریعے کراچی کا امن تباہ کرتے رہے ہیں