افغانستان کے صوبے ہلمند میں بم دھماکہ، 4 ہلاک 5 زخمی
افغانستان کے صوبے ہلمند کے گورنر ہاؤس نے کہا ہے کہ اس صوبے میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں کم از کم چار افراد ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہو گئے۔
شیعت نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق افغانستان کے صوبے ہلمند کے گورنر ہاؤس کے ترجمان عمر زواک نے ایک بیان میں اس بم دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بم دھماکہ ہفتے کی صبح ناوہ فوجی کیمپ کے قریب ہوا جس میں چار افراد ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک فوجی شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق طالبان کے حملہ آور نے بارود کی حامل گاڑی کے ساتھ اس فوجی کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کی جسے سیکورٹی اہلکاروں نے پتہ لگانے کے بعد ہلاک کر دیا۔
جمعے کو بھی لشکرگاہ کے علاقے میں ہونے والے کار بم دھماکے میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی ہے۔
واضح رہے کہ ہلمند، افغانستان کا ایک بدامنی کا شکار صوبہ شمار ہوتا ہے۔