سانحہ عباس ٹاؤن کے 44شہداء کے خانوادوں میں 15،15لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم
شیعت نیوز کے نمائندے کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں سادہ مگر پر وقار تقریب میں سانحہ عباس ٹاؤن کے 44 شہداء کے لواحقین کو حکومت سندھ کی طرف سے 15،15 لاکھ روپے کے چیک تقسیم کئے گئے ۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما تاج حیدر، کمشنر کراچی سید ہاشم رضا زیدی، رکن سندھ اسمبلی حمیرا علوانی، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکرٹری محمد صدیق میمن، معاون خصوصی وقار مہدی،عالمِ اہل سنت قاضی احمد نورانی ،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ محمد حسین کریمی اور اصغر زیدی، شہداء اور زخمیوں کی ریلیف کمیٹی کے انچارج صابر کربلائی اور دیگر موجود تھے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری کی خصوصی ہدایات پر سانحہ عباس ٹاؤن کے لواحقین کیساتھ ہر سطح پر تعاون کر رہے ہیں اور اسی سلسلے میں ان کو 15،15 لاکھ روپے کے چیک دے کر مالی امداد کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مالی امداد کے علاوہ عباس ٹاؤن کے تباہ شدہ فلیٹس کے متبادل نئے فلیٹس دیئے جا رہے ہیں اور اس ضمن میں کمیٹی کام کر رہی ہے۔