اصغریہ اسٹوڈنٹس کے 47 ویں سالانہ مرکزی "راہیان کربلا و عاشقان مہدیؑ کنونشن" کی تیاریاں جاری
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے 47 ویں سالانہ مرکزی "راہیان کربلا و عاشقان مہدیؑ کنونشن” کی تیاریاں جاری ہیں، کنونشن 15 تا 18 فروری 2018ء ثقافتی مرکز بھٹ شاہ میں منعقد ہوگا، جس میں سندھ بھر سے طلبہ کثیر تعداد میں شرکت کرینگے، جبکہ مادر علمی سندھ یونیورسٹی، لیاقت میڈیکل یونیورسٹی، مہران انجنئرنگ یونیورسٹی، سندھ ایگریکلچر یونیورسٹی، قائد عوام یونیورسٹی سمیت دیگر تعلیمی اداروں سے بھی شرکت کرینگے، کنونشن کے دو پنڈال بنیں گے، جس میں ایک پنڈال 6 کلاس سے 8 کلاس کے طلبہ ہونگے، جبکہ دوسرا پنڈال نویں کلاس سے یونیورسٹی کے طلبہ شامل ہونگے، کنونشن میں علمائے کرام "راہیان کربلا و عاشقان مہدیؑ کے فکری اور عملی موضوعات پر گفتگو کریںگے، موضوعات بھی طلبہ کی علمی معیار کے مطابق بنائے گئے ہیں، جبکہ کنونشن میں شہدائے ملت جعفریہ کی یاد تازہ کرنے کیلئے 16 فروری بروز جمعہ کو شب شہداء کا انعقاد ہوگا، جس میں شہداء کے خانوادے بھی شرکت کرینگے۔
کنونشن میں ہائیر ایجوکیشن موٹیویشن کیلئے 17 فروری بروز ہفتہ کی شب کو تعلیمی کانفرنس کا انعقاد ہوگا، جس میں تعلیمی ماہرین اور اسکالرز خطاب کرینگے، جبکہ 18 فروری بروز اتوار کو عوامی جلسہ بعنوان یوم زہراؑ منعقد ہوگا، جس میں ملک کے جید علمائے کرام، دانشور حضرات، دیگر تنظیموں کے رہنماء خطاب کریںگے، جبکہ جلسہ کی آخر میں مرکزی صدر کا اعلان اور حلف برداری ہوگی۔ کنونشن میں شرکاء کی رہائش، طعام اور پنجگانہ باجماعت نماز سمیت دیگر امور کیلئے تنظیمی سینئرز پر مشتمل کامیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں، جبکہ فقہی احکام، توضیع مسائل، کیئریر پلاننگ، تنظیمی مسائل کے حل، سائنسی نمائش کے اسٹالز بھی لگائے جائیں گے، جس میں رہنمائی کیلئے ماہرین موجود ہونگے، جو شرکاء کی رہنمائی کرینگے۔