سندھ کے 53 تکفیری مدارس طلبا کو عسکری تربیت دینے میں ملوث ہیں، ایپکس کمیٹی میں انکشاف
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)سندھ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں انکشاف ہوا ہے کہ صوبے میں 53 تکفیری مدارس اپنے طلبہ کو عسکری تربیت فراہم کر رہے ہیں جبکہ 6 ہزار 7 سو گیارہ مدرسوں کی رجسٹریشن مکمل کر لی گئی ہے 937 کی رجسٹریشن تاحال باقی ہے، ایک ماہ کے دوران کراچی میں 9 ہزار 562 پستول، 996 شاٹ گن، 391 کلاشنکوف، 20 ایل ایم جی اور 11 ایس ایم جی برآمد کی گئی ہیں۔ منگل کو وزیراعلی ہاؤس کراچی میں وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی سربراہی میں صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، صوبائی وزیر داخلہ انور سہیل سیال، وزیر خزانہ مراد علی شاہ، آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران صوبے میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد، کراچی آپریشن اور تکفیری دہشتگردوں کیخلاف عدالت میں زیر سماعت مقدمات میں پراسیکیوشن کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے آئی جی سندھ نے بتایا کہ ایک ماہ کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 9 ہزار 562 پستول، 996 شاٹ گن، 391 کلاشنکوف، 20 ایل ایم جی اور 11 ایس ایم جی برآمد کی گئی ہیں۔ اجلاس میں صوبے میں مدارس کے حوالے سے رپورٹ بھی پیش کی گئی جس میں انکشاف کیا گیا کہ سندھ میں 6711 مدارس کی رجسٹریشن مکمل کر لی گئی ہے جب کہ 937 مدارس نے تاحال رجسٹریشن ہی نہیں کرائی اور 53 تکفیری مدارس اپنے طلبہ کو عسکری تربیت دینے میں ملوث ہیں۔ رپورٹس کی روشنی میں اعلی سیاسی اور عسکری قیادت نے صوبے میں کالعدم تکفیری دہشتگرد تنظیموں کے خلاف آپریشن کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اجلاس کے بعد سندھ کے مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا آج اجلاس میں سندھ کے سکون کے دشمن مایوس ہوئے اور سارے ادارے اجلاس میں اکٹھے تھے۔ پروپیگنڈا کرنے والوں کو کوئی نہیں روک سکتا۔ ان کا مزید کہنا تھا چند ہفتوں میں 10 ملٹری کورٹس کام شروع کر دیں گی۔ کور کمانڈر کراچی نے 10 ملٹری کورٹس کی جگہ دینے کا کہا ہے۔ 25 کیسز ملٹری کورٹ بھیجے گئے ہیں جن میں سے تین کیسز پر کام شروع ہو گیا ہے گواہوں کے تحفظ کیلئے سیف ہاسز اور فورس بنائے جائی گی۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا تکفیری دہشتگردوں کے ماسٹر مائنڈز کا پیچھا کیا جائے گا اور گھیرا تنگ ہو گا