دنیا

میکسیکو میں مہاجرین کو لیجانے والے ٹرک کو حادثہ، 53 افراد ہلاک

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) میکسیکو کی جنوبی ریاست چیاپاس میں جمعرات کو وسطی امریکا سے آنے والے کم از کم 53 تارکین وطن اس وقت ہلاک ہو گئے جب ان کا ٹرک الٹ گیا۔ اطلاعات کے مطابق بیشتر متاثرین ایسے تارکین وطن تھے جو امریکا میں نئی زندگی کی امید کی تلاش میں ایک ٹرک کے ٹریلر میں سوار ہو کر جا رہے تھے۔

چیاپاس سول پروٹیکشن ایجنسی کے سربراہ لوئیس مینوئل گارسیا نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا ہے کہ مذکورہ ٹرک چیاپا ڈی کورزو شہر اور ریاستی دارالحکومت ٹکسٹلا گوٹیریز کے درمیان کی شاہراہ پر ایک خطرناک موڑ پر یہ حادثہ پیش آیا۔

انہوں نے کہا کہ اس حادثے میں، "جو افراد بچ گئے ہیں ان کے بیانات کے مطابق بیشتر متاثرین کا تعلق گوئٹے مالا سے تھا۔” مقامی حکام کے مطابق اس حادثے میں 58 دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں اور متاثرین میں مرد، خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

ہوا کیا؟

جائے حادثے کی جگہ سے لی گئی تصاویر میں شاہراہ کی ایک جانب ایک سفید ٹریلر دیکھاجا سکتا ہے جبکہ آس پاس طبی امداد حاصل کرنے والے متاثرین بکھرے ہوئے پڑے ہیں۔ وہیں پر ہلاک ہونے والے متعدد افراد کو سفید کفنوں میں ڈھانپ دیا گیا جبکہ متاثرین کی لاشوں کو پہلو بہ پہلو رکھا گیا۔

سوشل میڈیا پر نشر ہونے والی ایک اور ویڈیو میں ایک خاتون کو اپنے روتے ہوئے بچے کو گود میں اٹھائے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ دونوں خون میں لت پت ہیں۔ ایک دیگر ویڈیو میں ٹریلر کے اندر ایک شخص کو پھنسا ہوا دیکھا جا سکتا ہے جو سامنے ملبہ ہونے کی وجہ سے نہیں نکل پا رہا ہے اور امدادی عملہ اس کی مدد کے لیے کوشش کر رہا ہے۔

چیاپاس کے گورنر روتیلیو ایسکینڈن نے اپنی ایک ٹویٹ میں متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے امدادی عملے کو جائے وقوعہ پر فوری طور پر پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button