پاکستانی شیعہ خبریں

مستونگ میں فائرنگ سے غیر ملکی سیاح زخمی، سیکیورٹی پر مامور 6 لیویز اہلکار جاں بحق

شیعہ نیوز (کوئٹہ) مستونگ کے علاقے درین گڑھ کے مقام پر لیویز فورس اور کالعدم شدت پسند جماعت کے مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ میں لیویز کے 4 اہلکار جاں بحق جبکہ 10 اہلکاروں اور ایک غیر ملکی سیاح سمیت 11 افراد زخمی ہو گئے ہیں، فائرنگ کے تبادلے میں ایک حملہ آور بھی مارا گیا۔ لیویز ذرائع کے مطابق لیویز اہلکاروں کی دو گاڑیاں ایران کے راستے پاکستان آنے والے ایک غیر ملکی سیاح کو اسکارٹ کر رہی تھی کہ مستونگ کے علاقے میں  کالعدم شدت پسند  جماعت کےمسلح افراد نے ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں غیرملکی سیاح زخمی ہو گیا۔ لیویز نے جوابی فائرنگ کی تاہم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں چار اہلکار جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے۔ جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمی سیاح سمیت اہلکاروں کو مستونگ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں غیر ملکی سیاح کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں لیویز فورس اور ایف سی کی اضافی نفری طلب کرلی گئی ہے۔
دیگر ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر مستونگ شفقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ حملے آوروں نے ہسپانوی سائیکلسٹ کی سکیورٹی پر مامور لیویز موبائل پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 6 لیویز اہلکار موقع پر ہی جاں بحق اور غیر ملکی سیاح سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے، لیویز کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور بھی مارا گیا جبکہ اس کے باقی ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ سکیورٹی حکام کے مطابق حملہ آور ہسپانوی سیاح کو اغوا کرنا چاہتے تھے، سکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد نے علاقے کا محاصرہ کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز ایران سے بلوچستان آنے والی زائرین کی بس مستونگ کے علاقے ڈرین گڑھ پہنچی تو خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی بس سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں بس میں سوار 28 زائر شہید اور 32 زخمی ہو گئے تھے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button