پاکستانی شیعہ خبریں

مجلس وحدت مسلمین اپنے انتخابی نشان کے ساتھ الیکشن میں حصہ لے گی ، 7اپریل سے انٹر پارٹی الیکشن کرانے کا فیصلہ

mwm flagشیعت نیوز کے نمائندے کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کے اعلیٰ اختیارتی ادارے شوریٰ عالی نے ایم ڈبلیو ایم کو اپنی شناخت کے ساتھ الیکشن میں بھرپور انداز میں حصہ لینے کا اختیار دیدیا ہے۔ کراچی میں ہونے والے شوریٰ عالی اور مرکزی کابینہ کے مشترکہ اجلاس میں سیاسی شعبے کو یہ اختیار دیدیا گیا ہے کہ وہ جہاں بھی تمام تقاضوں کو پورا ہوتے ہوئے دیکھے، وہاں پر اپنے انتخابی نشان کے ساتھ الیکشن کیلئے امیدوار کھڑے کرسکتا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مجلس وحدت مسلمین کا سیاسی شعبہ ہر جہت سے اپنی سفارشات تیار کرنے اور اس پر عمل کرنے میں آزاد ہے، سیاسی شعبہ شوریٰ عالی اور مجلس وحدت مسلمین کی طرف سے متعین کئے گئے سیاسی کردار کو پیش نظر رکھتے ہوئے جہاں جس حلقے میں چاہیے وہاں جماعت کے سیاسی کردار کو ادا کریگا۔ اجلاس میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دیدی گئی جو سیکرٹری سیاسیات کی معاونت کریگی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں یہ کمیٹی شوریٰ عالی کے بی ہاف پر فیصلہ سازی میں سیاسی شعبہ کو گائیڈ لائن فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کریگی۔

اجلاس میں شوریٰ عالی اور مرکزی کابینہ نے سیاسی شعبہ کی فعالیت اور کام پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ اجلاس میں سیاسی ونگ کو اندرون سندھ میں مزید بہتر انداز میں سیاسی فعالیت تیز کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ مجلس وحدت مسلمین 24 مارچ کو حیدر آباد کے عظیم الشان عوامی جلسے میں اپنی طاقت کا اظہار اور اپنے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کریگی۔ شوریٰ عالی کے اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین کے سیاسی ونگ کی بھی منطوری دیدی گئی اور کہا گیا کہ مرکزی سیکرٹری جنرل اس ونگ کو فعال بنانے میں اپنا بھرپور کردار کرینگے، پولیٹیکل ونگ میں ضلع پولیٹیکل کونسلیں، مرکزی کونسل اور مرکزی ایڈوائزری کونسل شامل ہیں۔

شوریٰ عالیٰ اور مرکزی کابینہ نے 7 اپریل سے انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا بھی فیصلہ کیا، جس میں نئے سیکرٹری جنرل کا انتخاب عمل میں لایا جائیگا۔ شوریٰ عالی کی طرف سے ڈیڑھ ماہ کے اندر پورے پاکستان میں انٹرا پارٹی الیکشن مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں کوئٹہ کے دورہ جات کرنے کا فیصلہ کیا گیا، تاکہ وہاں کے معالات کو حتمی شکل دی جاسکے۔ اجلاس میں مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری، علامہ امین شہیدی، علامہ حسن ظفر نقوی، علامہ ہاشم موسوی، علامہ حیدر علی جوادی، ناصر عباس شیرازی، علامہ ابوذر مہدوی، سرفراز حسینی، فرحان حیدر زیدی، علامہ حسنین گردیزی، علامہ اعجاز حسین بہشتی، علامہ مقصود ڈومکی اور علامہ عبدالخالق اسدی سمیت شوریٰ عالی کے تمام ارکان موجود تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button