کراچی: 72 گھنٹے بعد احتجاجی دھرنے ختم ،کوئٹہ میں گورنر راج کا نفاذ
کراچی میں جاری سانحہ علمدار روڈ کوئٹہ کے حوالے سے احتجاجی دھرنے 72گھنٹوں بعد اختتام پذیر ہو گئے۔شیعت نیوز کے نمائندوں کی رپورٹس کے مطابق سانحہ علمدار روڈ کوئٹہ میں شہید ہونے والے 86سے زائد شہدائے ملت جعفریہ کے لواحقین سے اظہار یکجہتی اور ملت جعفریہ پاکستان کے مطالبات کی منظوری کے لئے شہر کراچی میں جاری 20سے زائد احتجاجی دھرنے 72گھنٹو ں کے بعد اختتام پذیر ہو گئے۔
واضح رہے کہ جمعرات کے روز کوئٹہ میں علمدار روڈٖ پر دو بم دھماکوں کے نتیجہ میں شہید ہونے والے 86سے زائد شہداء کے جنازوں کے ساتھ ملت جعفریہ چار روز سے علمدار روڈ کوئٹہ پر احتجاجی دھرنا دئیے ہوئے تھی ،اسی سلسلے میں شہر کراچی میں جمعہ کے روز بعد نماز جمعہ احتجاجی دھرنوں کا آغاز نمائش چورنگی ،ملیر،رضویہ ،ناظم آباد اور شہر کے دیگر چھوٹے بڑء علاقوں سے ہوا تھا ۔تاہم اتوار اور پیر کی درمیانی شب کو کوئٹہ میں چار روز تک احتجاجی دھرنا جاری رہنے کے بعد بلوچستان میں گورنر راج کا نفاذ کر دیا گیا ہے جس کے بعد ملت جعفریہ نے احتجاجی دھرنے کو ختم کرتے ہوئے پیر کے روز ظہرین کی نماز کے بعد شہداء کی تدفین بہشت زینب (س) قبرستان میں کر دی ہے۔شہدائے سانحہ علمدارروڈ کوئٹہ کی تدفین کے بعد کوئٹہ کی طرح شہر کراچی میں جاری 20سے زائد مقامات پر ہونیو الے احتجاجی دھرنے بھی پر امن طور پر اختتام پذیر ہو گئے ہیں ۔
واضح رہے کہ شہر کراچی میں شرکائے احتجاجی دھرنا گذشتہ 72گھنٹوں سے احتجاجی دھرنوں میں شریک تھے جن میں معصوم بچے،خواتین،نوجوان اور بزرگ شامل تھے۔