پاکستانی شیعہ خبریں
امریکن سفارتخانے نے مزید 8 سو گاڑیوں کیلئے رجسٹریشن نمبر مانگ لئے
امریکی سفارتخانے نے تقریباً 800 موٹر گاڑیوں کیلئے وفاقی دارالحکومت کے موٹر رجسٹریشن نمبر مانگے ہیں۔ وزارت خارجہ کل پیر کو ایک اجلاس میں اِس بارے میں غور کریگی،جس میں حساس اداروں کے سینئر عہدیدار،وزارت داخلہ اور اُسکے ماتحت اِداروں کے حکام وفاقی دارالحکومت کی اِنتظامیہ کے عہدیدار شرکت کرینگے۔ حساس اِداروں نے امریکی سفارت خانے کی جانب سے گاڑیوں کی تعداد بڑھانے کی اصل وجہ جاننے کیلئے مہم شروع کر دی ہے۔ اپنی اِن آٹھ سو موٹر گاڑیوں کے علاوہ امریکی سفارتخانے نے بہت بڑی تعداد میں پرائیویٹ نمبر پلیٹ والی عام لوگوں کی بڑی گاڑیاں بیش بہا کرائے پر حاصل کر لی ہیں۔پاکستان کے حساس ادارے اِس ساری صورتحال کو صیغہ راز میں رکھ رہے ہیں۔امریکی سفارتخانہ 8سو گاڑیوں کے انجن نمبر ،چیسز نمبر ،گاڑیوں کے ماڈل ، میک وغیرہ کا ڈیٹا وزارت خارجہ کو بھجوا رہا ہے۔ وزارت خارجہ کی طرف سے سعودی سفارتخانہ/ قونصل خانے کیلئے 20 کے لگ بھگ گاڑیوں کو سی ڈی (کور آف ڈپلومیٹ) سی سی (کور آف قونصلیٹ) کے رجسٹریشن نمبر دے رکھے ہیں۔ برٹش ہائی کمیشن کی تقریباً 50 اور امریکی سفارتخانے کی تقریباً ایک سو گاڑیوں کو اسلام آباد میں سی ڈی/ سی سی نمبر پلیٹ جاری کی ہوئی ہیں۔ ایک دم مزید 8سو گاڑیوں کیلئے امریکی سفارتخانے کی طرف سے سی ڈی/ سی سی نمبر پلیٹ دینے کا تقاضا حساس اِداروں کیلئے حیرت انگیز ہے۔ امریکی سفارتخانے نے اِن مزید 8سو گاڑیوں کیلئے اسلام آباد کے سول رجسٹریشن نمبر مانگے ہیں جو کور نمبر (Couer Number) ہونگے۔ امریکی سفارتخانہ اسلام آباد موٹر رجسٹریشن محکمے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ سے وزارت خارجہ کے ذریعے کہہ رہا ہے کہ اُنکی مزید آٹھ سو گاڑیوں کو اسلام آباد کی رننگ رجسٹریشن نمبرز سیریز سے اِن بلاک نمبرز میں یعنی اسلام آباد اے سے اسلام آباد پی سیریز میں سے نمبر الاٹ ہونے چاہئیں یا کہ اسلام آباد کے کمپیوٹرائزڈ نمبرز میں کور نمبر الاٹ کئے جائیں۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے غیر ملکی سفارتخانوں کو کور موٹر رجسٹریشن نمبر وزارت خارجہ کے ذریعے الاٹ کرنے کیلئے کمپیوٹرائزڈ موٹر رجسٹریشن نمبرز کی تین سیریز دیدی ہیں جن کی تعداد 2997 ہے۔ ہر سیریز ایک سے 999 نمبرز تک کی ہے ،حساس اداروں کے مطابق معمول کی سفارت کاری کیلئے امریکی سفارت کاروں اور اُنکے دوسرے عملے کیلئے سو کے لگ بھگ گاڑیاں درکار ہیں مگر امریکی سفارتخانے نے مزید لاتعداد گاڑیاں رینٹ اے کار کمپنیوں کی وساطت سے بھاری کرائے پر حاصل کی ہیں جن کے اعداد و شمار اور ڈیٹا حاصل کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی اِرریگولر سیکیورٹی فورسز کے سینکڑوں اہلکار جعلی نمبر پلیٹ لگا کر بھی گاڑیاں استعمال کرتے پائے گئے ہیں۔
19.12.2009