خاتون جنت سیدہ فاطمہ (س) کی حیات مسلم خواتین کیلئے بہترین نمونہ ہے، نبیرہ عندلیب
شیعہ نیوز (لاہور) خاتون جنت سیدہ فاطمہ کی حیات مسلم خواتین کیلئے بہترین نمونہ ہے۔ خواتین اپنے گھر کا کام خاتون جنت کی سیرت کو آئیڈیل بناتے ہوئے سنت اور عبادت سمجھ کر کریں۔ مسلم خواتین اپنے مسائل کے حل اور حقوق کے حصول کیلئے سیدہ فاطمہ سلام اللہ علیہا کی تعلیمات رہنمائی حاصل کریں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن صوبائی اسمبلی و ناظمہ جامعہ سراجیہ نعیمیہ نبیرہ عندلیب نعیمی نے دربار عالیہ شاہ کاکو چشتی پر منعقدہ ’’خاتون جنت کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں کہا کہ سید ہ فاطمہ سلام اللہ علہیا رفتار و گفتار اور خصائل میں نبی رحمت کی حیات مبارکہ کی کامل پیروی کرتی تھیں۔ سیدہ خاتون جنت سلام اللہ علیہا نے اپنے اخلاق اور کردار سے اپنا گھر جنت بنا دیا۔ آپ سلام اللہ علیہا ظاہری نمودونمائش کی سخت خلاف تھیں ۔آپؓ نبی کریم ؐسے حد درجہ محبت فرماتی تھیں۔ نبی کریم ؐکی جدائی کا سب سے زیادہ صدمہ سیدہ فاطمہ (س) کو ہوا اور آپؐ کے وصال کے بعد ہروقت غمگین اور افسردہ رہنے لگیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نبی رحمت ؐ نے آپ کو دنیا کی بہترین خاتون قرار دیا۔ آج خواتین اپنے گھریلو امور میں پریشان رہتی ہیں اور بچوں کی بہتر تربیت نہیں کر پا رہیں، ہر وقت حقوق کے حوالے سے پریشان رہتی ہیں، اگر آج مسلم خاتون سیدہ فاطمہؓ کی سیرت مطاہرہ کو اپنے سامنے رکھیں تو یقیناً نہ صرف وہ گھریلو امور میں بہتری لا سکتی ہیں بلکہ اپنے بچوں کی تربیت بھی احسن طریقے سے کر سکتی ہیں اور ساتھ ہی عبادت کے ذریعے اپنے خالق ومالک کو بھی راضی کر لیں گی۔