پاکستانی شیعہ خبریں

پرامن احتجاج عمران خان اور طاہر القادری کا جمہوری حق ہے، رحمان ملک

شیعہ نیوز (کراچی) حکومت سوچ کا انداز بدلے اور کوئی ایسا اقدام نہ کرے جس سے جمہوریت کو خطرہ ہو، سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ حکومت سوچ کا انداز بدلے، کوئی ایسا اقدام نہ کرے جس سے جمہوریت کو نقصان پہنچے، عمران خان اور طاہر القادری کو احتجاج کا جمہوری حق ہے۔ پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سوچ کا انداز بدلے اور ایسے اقدامات کرے جس سے جمہوریت کو نقصان نہ پہنچے۔ حکومت مشکل حالات میں ہی بچائی جاتی ہے۔ عمران خان ملین مارچ کریں گے تو کیا ہوگا ایک دو دن اسلام آباد میں بیٹھ کر چلے جائیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ عمران خان اور طاہر القادری کو احتجاج کرنے کا جمہوری حق ہے۔ حکومت کو طاہر القادری کو فری ہینڈ دینا چاہیئے۔ لانگ مارچ اور انقلاب کی باتیں ہو رہی تھیں۔ پنجاب میں پولیس اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں میں تصادم ہو چکا ہے ابتک چار افراد جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے مزید افراد جاں بحق ہوئے تو پنجاب کے ہر شہر میں خون خرابہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے وقت میں بھی لانگ اور شارٹ مارچ ہوئے لیکن ایک بندے کو بھی نقصان نہیں پہنچا۔ ہم نے طاہر القادری سے پیار سے ڈیل کیا تھا۔

دیگر ذرائع کے مطابق آج علی الصبح کراچی ایئرپورٹ پر سابق وزیرداخلہ رحمان ملک نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ ٹاسک دے کر بھیجا گیا ہے کہ سب سے مل کر مسئلے کا حل تلاش کیا جائے۔ پیپلزپارٹی کے رہنما نے حکمران جماعت مسلم لیگ نون کو براہِ راست تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس کو اپنی صفوں میں حالات خراب کرنے والے عناصر کا پتہ لگانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت مسئلہ جمہوریت کے پٹری سے اُترنے کے خطرے سے بھی آگے بڑھ چکا ہے۔ سینیٹر رحمان ملک نے سیاستدانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ایک طرف تو ہم فوج کی حمایت کر رہے ہیں اور دوسری جانب خود آپس میں لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کے خلاف اپنی طاقت کا استعمال نہ کرے۔ انہوں نے طاہر القادری سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے کارکنوں کو پُرامن رہنے کی ہدایت کریں۔

رحمان ملک نے حکمران جماعت کو یاد دلایا کہ چند سال قبل نواز شریف جس طرح احتجاج کیا کرتے تھے، اسی طرح یہ لوگ بھی احتجاج کر رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ اب بھی وقت ہے کہ وہ طاہر القادری کو فری ہینڈ دے۔ پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ ان کی پارٹی کی قیادت نے جمہوریت کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا تھا، چنانچہ پیپلزپارٹی جمہوریت کی بقا کے لیے آخری دم تک کوشش جاری رکھے گی۔ رحمان ملک نے یاد دلایا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت کے دوران طاہرالقادری اور نواز شریف سمیت کسی کو احتجاج یا لانگ مارچ کرنے سے روکا نہیں گیا تھا۔ چنانچہ عمران خان اور طاہر القادری کو احتجاج کا جمہوری حق حاصل ہے، بلکہ پرامن احتجاج کا سب کو حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ رات گئے تک 4 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ملی ہیں، خونی تصادم تو شروع ہو چکا ہے۔ سابق وزیرِداخلہ نے کہا کہ یہ نواز حکومت کو اپنی صلاحیتیں منوانے کا یہ سنہری موقع تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button