پرامن رہنے کی یقین دہانی، ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں انقلاب مارچ اسلام آباد کیطرف روانہ
شیعہ نیوز (لاہور) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت میں انقلاب مارچ اسلام آباد کی طرف روانہ ہوگیا۔ پنجاب حکومت نے پاکستان عوامی تحریک کو مشروط طور پر انقلاب مارچ کی اجازت دے دی۔ امن و امان کی یقین دہانی پر وزیراعلٰی پنجاب نے انقلاب مارچ کو مشروط اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلٰی پنجاب کی زیر صدارت غیر رسمی اجلاس کے دوران انقلاب مارچ کو مشروط اجازت دی گئی ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کسی شخص کو اسلحہ لے کر مارچ میں شریک ہونے اور املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ طاہر القادری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اختیارات کو زیادہ سے زیادہ نچلی سطح پر منتقل کریں گے، انقلاب مارچ مظلوم عوام کو حقوق دلائے گا۔ انقلاب مارچ جمہوریت کی بحالی کا نام ہے۔ ملک میں انقلاب اللہ کی تائید سے آئے گا۔
دیگر ذرائع کے مطابق حکومت اور طاہرالقادری کے درمیان آخرکار ڈیل ہوگئی، پرامن رہنے کی یقین دہانی پر حکومت نے طاہرالقادری کو انقلاب مارچ کی اجازت دے دی۔ گورنر پنجاب چوہدری غلام سرور کے رات بھر رابطے، قائد ایم کیو ایم الطاف حسین کی طرف سے پل کا کردار۔ گورنر سندھ بھی کام آئے اور خواجہ سعد رفیق نے بھی مثبت کردار ادا کیا، آخرکار جب عمران خان کا آزادی مارچ رخصت ہوگیا، تو ڈیل فائنل ہوگئی، معاہدہ طے پاگیا، ڈاکٹر طاہرالقادری نے یقین دہانی کرائی کہ وہ پرامن رہیں گے، ریڈزون میں داخل نہیں ہونگے، ان کے کارکن ڈنڈے یا دوسرا کوئی ہتھیار نہیں اٹھائیں گے۔ تو حکومت نے بھی محفوظ راستہ دینے کا وعدہ کیا، گورنر پنجاب نے تصدیق کی کہ طاہرالقادری کو محفوظ راستہ دے دیا گیا ہے۔ حکومت کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی، ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے بتایا کہ انہوں نے ڈاکٹر طاہرالقادری کو ملک کی نازک صورتحال کا واسطہ دے کر قائل کرلیا۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم نے کوئٹہ روانگی سے پہلے طاہرالقادری کے مارچ کو روانگی کی اجازت دینے کا حکم دے دیا تھا۔ ڈاکٹر عشرت العباد نے مزید کہا کہ ڈیل کرانے میں گورنر پنجاب اور خواجہ سعد رفیق کا کردار بھی مثبت رہا۔ سیاست میں بات چیت سے مسائل کا حل نکل آتا ہے۔ بات چیت سے تمام مسائل حل کئے جاسکتے ہیں۔