درس شہادت اور درس مقاومت ہمیں کربلاء سے ملا ہے،علامہ مرتضی زیدی
شیعہ نیوز (کوئٹہ) شہدائے یوم القدس کوئٹہ اور دیگر شہدائے ملت جعفریہ کو خراج تحسین پیش کرنے کے حوالے سے آئی ایس او کے زیر اھتمام گذشتہ روز تقریب منعقد کی گئی. اس تقریب میں مقامی علماء،امام جمعہ اور مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما سید ہاشم موسوی اور معروف دانشور مرتضی زیدی کے علاوہ پاکستان کے نامور منقبت خوان اور نوحہ خواں حسن ظفر اور صفدر عباس نے خوبصورت کلام میں شہداء کو خراج تحسین پیش کیا
جنرل محمد موسی کالج میں منعقدہ سینکڑوں خواتین،مرد اور خانوادہ شہداء سے خطاب کرتے ہوئے معروف دانشور،عالم دین اور پولیٹیکل سائنس کے ماہر استاد مرتضی زیدی نے شہداء یوم القدس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا : لالچ، خوف اور قتل، اسلام دشمن طاقتوں کا پرانا حربہ اور ہتھیار ہے ۔ اسلام دشمن طاقتیں کوشش کرتی ہیں کہ حق پرستوں کو لالچ دے کر خریدا جائے،یا انکو حق کے راستے سے غلط تبلیغات کے زریعے سے منحرف کردیں اور اگر یہ دو کام نہ ہوسکے تو پھر قتل کرکے حق پرستوں کو روکنے کی کوشش کرنا انکا پرانا طریقہ ہے لیکن پیروان اہل بیت جس مکتب سے تعلق رکھتے ہیں وہ مکتب ان سازشوں کا مقابلہ کرنا خوب سیکھاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ درس شہادت اور درس مقاومت ہمیں کربلاء سے ملا ہے اور ان دو اقدار کے ہوتے ہوئے ہم کبھی شکست نہیں کھا سکتے اور فتح ہمارا مقدر ہے ۔