شیخ باقر النمر کو حق پسندی کی بنیاد پر سزائے موت سنائی گئی ہے، تہور حیدری
شیعہ نیوز (لاہور) معروف سعودی مذہبی و دینی شخصیت آیت اللہ شیخ نمر باقر النمر کو پھانسی کی سزا سنائے جانے پر مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان تہوری حیدری نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ سے آمر طاقتوں کے خلاف قیام کرنے والے طاغوت شکن لوگوں کو ایسی سزائیں دی جاتی رہی ہیں، بالخصوص مکتب تشیع کو یہ اعزاز حاصل رہا ہے کہ اس طرح کی تسلط پسند ڈکٹیٹر حکومتوں کے خلاف قیام کیا۔ سعودی عالم دین باقر نمر کا قصور صرف اتنا ہے کہ انہوں نے انسانی حقوق کیلئے آواز بلند کی ہے، عوام کے برحق مطالبات کی پاداش میں سزا کا سنایا جانا قابل تشویش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالم دین باقر نمر کو حق پسندی کی بنیاد پر سزائے موت سنائی گئی ہے، قابل مذمت ہے اور انسانی حقوق کی تنظیمیں جو دنیا میں انسانیت کی تذلیل پر متحرک ہو جاتی ہیں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس فیصلہ کے خلاف آواز بلند کریں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس او نے ہمیشہ سے مظلومین کی حمایت کی ہے کیونکہ ہم ہر ظالم کے مخالف اور ہر مظلوم کے حامی ہیں، عالمی استعمار، انقلاب اسلامی سے خوفزہ ہو کر حریت پسند آواز کو دبانے کی ناکام کوشش کرتا ہے، حریت پسند شخصیات کے خلاف استعمار نے ہمیشہ سے سازشی عنصر کے طور پر کردار ادا کیا ہے اور سعودی عالم دین کو سزائے موت کا سنایا جانا استعماری سازش کی کڑی ہے۔