پاکستانی شیعہ خبریں

محرم الحرام میں امن و امان کا قیام ہم سب کی ذمہ داری ہے، گورنر سندھ

شیعہ نیوز (کراچی) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے کہا ہے کہ محرم الحرام تمام مسلمانوں کے لئے انتہائی احترام کا مہینہ ہے۔ یہ مہینہ نہ صرف اسلامی سال کا آغاز ہے بلکہ اس ماہ نواسہ رسولﷺ اور اہل بیت کی جانب سے دی جانے والی قربانیاں ہمیں رواداری، برداشت اور حق گوئی کا سبق دیتی ہے۔ محرم الحرام میں صوبہ سندھ خصوصاً کراچی میں امن و امان کا قیام ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اس حوالے سے علماء کرام نے ہمیشہ سے اہم کردار ادا کیا ہے اور ان کے پیغام میں رواداری ، برداشت اور اخوت کو ہمیشہ سے فوقیت حاصل رہی ہے یہ علماء کرام کی متفقہ کاوشیں ہیں جس کی وجہ سے حکومت اور انتظامیہ شہر اور صوبے میں امن قائم رکھنے میں ماضی میں بھی کامیاب رہی ہے اور اب بھی کامیاب ہوگی یہ نہ صرف ہماری خواہش ہے بلکہ پوری قوم کی دعا ہے ۔ یہ بات انہوں نے اہل تشیع اور اہل سنت کے چیدہ چیدہ علماء کرام سے علیحدہ علیحدہ ملاقات میں کہی۔ انہوں نے عاشورہ محرم میں عزاداروں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کے حوالے سے ہدایات بھی جاری کیں۔

 انہوں نے ڈی جی رینجرز اور آئی جی پولیس اور کمشنر کراچی کو کہا کہ حساس مقامات کے ساتھ ساتھ ان علاقوں میں بھی کڑی نظر رکھی جائے ،جہاں شر پسند عناصر اپنے عزائم پر عملدرآمد کیلئے سیکیورٹی کے مسائل پیدا کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے بلدیہ عظمیٰ کراچی اور دیگر شہری اداروں کو ہدایت کی کہ امام بارگاہ ، مساجد میں کسی بھی قسم کے مسائل پیدا نہ ہونے دیں ۔ گورنرسندھ نے نیلو فر طوفان کی پیشگوئی کے پیش نظر علماء کرام سے درخواست کی کہ وہ اس قدرتی آفت کی وجہ سے کسی بھی ایمر جنسی سے نمٹنے کے لئے انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ ہر ممکن احتیاطی تدابیر قبل از وقت ممکن بنائیں تاکہ عوا م کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ اس موقع پر انہوں نے کے الیکٹرک کے سی ای او کو عاشورہ محرم کے حوالے سے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ مجالس کے دوران بجلی کاتعطل پیدا نہ ہونے دیں اور لو ڈشیڈنگ سے ان علاقوں کو مستثنیٰ کریں ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button