یوم عاشور میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے چھاؤنی سے فوجی دستے سکھراور لاڑکانہ ڈویژن کیلئے روانہ
شیعہ نیوز (پنوعاقل) سندھ کے علاقے پنوعاقل میں واقع فوجی چھاؤنی سے فوجی دستے سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن کیلئے روانہ، عشرم محرم اور یوم عاشورہ کے دوران امن وامان برقرار رکھنے کیلئے حساس اضلاع میں تعینات۔ تفصیلات کے مطابق عشرہ محرم اور یوم عاشور پر سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن میں امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے پنوعاقل فوجی چھاؤنی سے پاک فوج کے دستے روانہ ہوگئے ہیں۔ محرم الحرام وامن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے او رکسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے جنرل آفیسر کمانڈنگ 16 ڈیو‘ پنوعاقل میجر جنرل محمد عارف وڑائچ کے حکم پر پنوعاقل فوجی چھاؤنی سے فوجی دستے روانہ ہوگئے ہیں۔ 18 گاڑیوں پر مشتمل فوجی دستے سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن کے مختلف شہروں میں حفاظتی انتظامات سنبھالیں گے۔ پاک فوج کے جوانوں کو خصوصی طور پر حساس اضلاع میں تعینات کیا گیا ہے۔ میجر جنرل محمد عارف وڑائچ نے توقع ظاہر کی کہ ملک بھر کی طرح سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن میں بھی عشرہ محرم اور یوم عاشور پرامن طریقے سے گزر جائے گا۔