پاکستانی شیعہ خبریں

کیا شیعہ علما کونسل اور جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اقوام متحدہ سے براہ راست امداد لیتے ہیں؟ (رپورٹ)

شیعہ نیوز (ڈیرہ اسماعیل خان) روز عاشور کوٹلی امام حسین (ع) ڈیرہ اسماعیل خان میں یو این ایچ سی آر کا ٹینٹ عزاداروں کی تنقید کا مرکز بنا رہا۔ ٹینٹ میں شیعہ علماء کونسل اور جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے میڈیکل کیمپ قائم کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ تقریباً دس سال قبل کوٹلی امام میں روز عاشور تمام امام بارگاہوں اور تمام شیعہ تنظیموں کی جانب سے کیمپ لگائے جاتے تھے، جن میں لنگر، سبیل، ابتدائی طبی امداد کے خصوصی انتظامات کئے جاتے تھے۔ سیکیورٹی خدشات کا بہانہ بنا کر انتظامیہ نے ہر قسم کے کیمپ لگانے پر پابندی عائد کر دی تھی۔ ماتمی عزادار جب تعزیئے کے جلوسوں کے ہمراہ کوٹلی امام میں داخل ہوئے تو اقوام متحدہ کے ادارے یو این ایچ سی آر کا ٹینٹ دیکھ کر حیران رہ گئے، ٹینٹ کے باہر دو لیڈی پولیس کانسٹیبل بھی تعینات کی گئی تھیں، حالانکہ روز عاشور کوٹلی امام میں خواتین کا داخلہ ممنوع ہے۔

عزاداروں نے جب یو این ایچ سی آر کے ٹینٹ میں داخل ہو کر دیکھا تو اس میں شیعہ علماء کونسل اور جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنازئشن کی جانب سے ابتدائی طبی امداد کا کیمپ لگایا گیا تھا۔ عزاداروں نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا شیعیان علی (ع) کے پاس اتنے وسائل بھی نہیں کہ عاشور کے مرکزی مقام پر وہ اپنا کیمپ قائم کرسکیں۔؟ کیا کوٹلی امام میں ہونیوالا اہتمام یو این ایچ سی آر کی فنڈنگ سے ہو رہا ہے۔؟ کیا شیعہ علماء کونسل اور جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اقوام متحدہ کے اس ادارے سے براہ راست امداد لیتے ہیں۔؟ موقع پر موجود شیعہ علماء کونسل کے رہنماء مولانا اظہر ندیم نے میڈیا کو بتایا کہ یہ کیمپ شیعہ علماء کونسل پختونخواہ کے صدر مولانا رمضان توقیر کی نگرانی میں قائم کیا گیا ہے، اور یہ ٹینٹ کئی سالوں سے فالتو پڑا ہوا تھا تو اس لئے اسے استعمال میں لایا گیا ہے۔ عزاداروں نے جواب میں کہا کہ اگر یہ امدادی کیمپ جامعۃ النجف کو ملا بھی ہے تو بھی اقوام متحدہ کے ادارے کے نام کی تشہیر آج ہی کے دن کیوں کی جا رہی ہے۔

موقع پر موجود شیعہ علماء کونسل کے ایک کارکن کا کہنا تھا کہ سیلاب کے دوران یہ ٹینٹ ہمیں ملے تھے جو استعمال میں نہیں لائے گئے۔ عزاداروں کا اصرار تھا کہ ہمیں ملت تشیع کے کسی تنظیم یا فرد سے کوئی ذاتی پرخاش نہیں ہے مگر اقوام متحدہ اور اس کے ذیلی اداروں کا کردار سرزمین ایران، عراق، شام، پاکستان میں شیعہ دشمنی پر مبنی ہے اور یہ امریکہ کی لونڈی کا کردار ادا کر رہی ہے جبکہ مردہ باد امریکہ کے نعرے اور اقوام متحدہ کے کردار پر سب سے زیادہ تشویش کا اظہار بھی آپ کی جانب سے کیا جاتا ہے، لہذا ہم اپنے خالصتا مذہبی پروگرام میں مذہبی مقام پر اس ادارے کی یہ تشہیر گوارا نہیں کر سکتے۔ عزاداروں کی جانب سے ایک ہی مطالبہ پیش کیا گیا کہ طبی کیمپ قائم رہے مگر اس ٹینٹ کو اتارا جائے یا یو این ایچ سی آر کے نام کو حذف کیا جائے۔ جس پر شیعہ علماء کونسل کے رہنماء مولانا اظہر ندیم کی ہدایت پر جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے کارکنوں نے ٹینٹ کی نام والی جگہ پر پرانے کارپٹ کے ٹکڑے پھینک دیئے۔ عزاداروں کی جانب سے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا کہ اگر اقوام متحدہ کے ادارے یو ایچ سی آر نے سیلاب زدگان کے لئے کیمپ بھجوائے بھی ہیں تو وہ سیلاب زدگان تک کیوں نہیں پہنچائے گئے اور طویل عرصے سے مدرسے میں کیوں پڑے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button