تحریک جعفریہ پر سے عائد پابندی کا خاتمہ خوش آئند ہے، اظہار بخاری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جعفریہ یوتھ کے مرکزی ناظم اعلٰی سید اظہار بخاری نے ملت جعفریہ کے قومی و ملی پلیٹ فارم اور پاکستان کی موقر دینی و سیاسی جماعت تحریک جعفریہ پاکستان (ٹی جے پی) پر عائد پابندی کے خاتمے پر پوری قوم کو مبارکباد دی ہے اور اسے قومی جدوجہد میں ایک سنگ میل قرار دیا ہے کیونکہ یہ پاکستانی عوام بالعموم اور ملت جعفریہ کی بالخصوص خواہش تھی کہ قومی جماعت کو پوری قانونی اور آئینی آزادی کے ساتھ فعالیت کرنے کا موقع دیا جائے جسے آج سپریم کورٹ آف پاکستان نے پورا کردیا ہے۔
سید اظہار بخاری نے کہا کہ گذشتہ چودہ سال سے شیعہ عوام اور قومی قیادت کو پابندیوں کے ذریعے قومی حقوق کے حصول کی جدوجہد سے روکنے کی کوششیں کی گئیں لیکن علامہ سید ساجد علی نقوی نے کسی پورٹ فولیو ٹائٹل یا نام کی محتاجی کو اپنی مجبوری نہیں بننے دیا بلکہ تحریک جعفریہ سے وابستہ مخلص و جانثار کارکنان و عہدیداران کے تعاون سے قومی فعالیت کو جاری رکھا اور دہشت گردی و خون کی ہولی کا مقابلہ کرکے نہ صرف مکتب کو سرخرو کیا بلکہ پاکستانی عوام کو امن و محبت کے تحائف بھی دیئے۔ وقت نے ثابت کردیا کہ تحریک جعفریہ ایک امن پسند جماعت ہے۔
جعفریہ یوتھ کے مرکزی ناظم اعلٰی نے کہا اگرچہ یہ فیصلہ تاخیر سے آیا ہے لیکن پھر بھی اسے تحسین کی نگاہ سے دیکھنا چاہیئے اور اس کے تمام مضمرات کو وقت کے تقاضوں کو مدنظر رکھ کر قبول کرنا چاہیئے۔ یقیناً یہ فیصلہ گذشتہ چودہ سالوں میں شہید ہونے والے بے گناہ عوام کے خون اور قومی قیادت و کارکنان کی صبر آزما جدوجہد کا نتیجہ ہے جسے سلام پیش کرنا ہر انصاف پسند شہری کی ذمہ داری ہے۔ ہمیں امید ہے کہ تحریک جعفریہ اپنے شاندار اور درخشندہ ماضی کو سامنے رکھتے ہوئے اپنا مستقبل طے کرے گی اور پاکستانی عوام کی سیاسی، شہری، مذہبی اور قانونی آزادیوں کے تحفظ کے لیے لازوال جدوجہد کو نئے سرے سے منظم کرے گی۔ اس موقع پر قربانی دینے والے مخلص اور جانثار کارکنان کو یاد رکھنا اور ان کی قربانیوں کی قدردانی کرنا اور ان کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنا قومی قیادت کی ذمہ داری ہے تاکہ قومی کارکنان نئے جذبے، ہمت، طاقت، حوصلے، حکمت اور جرات کے ساتھ تحریک جعفریہ کے پلیٹ فارم سے ملت کے حقوق کے دفاع و تحفظ کے لیے اپنے آپ کو حاضر رکھ سکیں۔