قرآن و اہل بیت رسول (ص) اور صحابہ کرام کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں، مولانا حسین مسعودی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جعفریہ الائنس کے سینئر نائب صدر اور معروف عالم دین مولانا حسین مسعودی نے کہا کہ قرآن و اہلبیت رسول اور صحابہ کرام کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ فیڈرل بی ایریا بلاک 20 میں منعقدہ مجلس شہادت امام زین العابدین ؑ کے اجتماع سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ آج مسلمان جن مصائب و مشکلات اور کٹھن حالات سے دوچار ہیں اس کی بڑی وجہ ان مقدس ہستیوں کے افکار و نظریات سے دوری ہے جنہوں نے اپنی تمام تر زندگیاں ترویج اور تبلیغ دین کیلئے صرف کیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امام زین العابدین ؑ نے سخت ترین حالات میں دین کی آبیاری کی اور قید و بند کی صوبتیں برداشت کر کے پرچم اسلام کو سربلند کیا، آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ان کی تعلیمات کو عام کیا جائے اور کوشش کی جائے کہ شہداء کربلاء کی جرأت و بہادری اور حوصلے کو اپنا کر ہم دین کی تبلیغ اور ترویج کیلئے متحد اور تیار ہو جائیں۔ انہوں نے مسلم امہ اور دیگر تمام مذاہب کے پیروکاروں سے بھی کہا کہ وہ دین کے سنہری اصولوں کا پرچار کریں اور امن کے قیام کو یقینی بنائیں کیونکہ ہمیں وطن کی سلامتی اور مسلمانوں کا اتحاد سب سے زیادہ عزیز ہے۔