جنید جمیشد پر توہین رسالت کا مقدمہ درج ہوگیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جنید جمشید کے خلاف ڈسٹرکٹ اور سیشن کورٹ کی ہدایت پر منگل کو توہین رسالت کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
درخواست گزار کے مطابق ایک حالیہ ویڈیو میں جنید جمشید نے اپنے بیان کے دوران حضرت محمد مصطفیٰﷺ کی زوجہ حضرت عائشہ صدیقہؓ کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کیے۔
ایس ایس پی سٹی شیراز نذیر نے کہا کہ سنی تحریک کے ایک رہنما کی درخواست پر رسالہ پولیس اسٹیشن میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 295-سی اور 298-اے کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ایس ایس پی نے کہا کہ جنید جمشید کو اب تک گرفتار نہیں کیا گیا اور کسی بھی قسم کی کارروائی سے قبل سینئر افسر معاملے کی تفتیش کریں گے۔
سنی تحریک کے رہنما مبین قادری نے کرمنل پروسیجر کوڈ کی دفعہ 22-اے کے تحت عدالت میں مقدمہ دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ جنید جمشید نے حضرت محمد مصطفیٰﷺ اور ان کی زوجہ حضرت عائشہ صدیقہؓ کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کیے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام ایک نجی ٹی وی پر نشر کیا گیا اور اسے متعدد سوشل میڈیا ویب سائٹس پر اپ لوڈ کیا گیا۔
قادری نے کہا کہ میں نے متعلقہ پولیس اسٹیشن سے رابطہ کیا لیکن انہوں نے مقدمہ درج کرنے سے انکار کردیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی احمد صبا نے درکواست نمٹاتے ہوئے ایس ایچ او رسالہ کو ہدایت کی کہ وہ کرمنل پروسیجر کوڈ کی دفعہ 154 کے تحت درخواست گزار کا بیان ریکارڈ کرتے ہوئے فیصلہ کریں کہ آیا ملزم سے خطا سرزد ہوئی یا نہیں اور اسی حساب سے مقدمہ درج کریں۔
ادھر جنید جمشید کی جانب سے منگل کو جاری کی گئی ایک ویڈیو میں انہوں نے اپنے ان الفاظ پر معافی مانگتے ہوئے عوام سے معافی کا مطالبہ کیا تھا۔