چنیوٹ میں اصغر عباس کا قتل طالبان، لشکر جھنگوی و کالعدم تنظیموں کی کارروائی ہے، الطاف حسین
شعیہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ پنجاب میں عہدیداروں کی ٹارگٹ کلنگ بند نہ ہوئی تو پورے ملک میں احتجاج کریں گے، چنیوٹ میں اصغر عباس کا بہیمانہ قتل طالبان، لشکر جھنگوی اور دیگر کالعدم دہشتگرد تنظیموں کی مشترکہ کارروائی ہے، طالبانائزیشن کے خلاف آواز اٹھانے پر ایم کیو ایم کے عہدیداروں اور کارکنوں کو دہشت گردی کانشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف مقامی پولیس اور انتظامیہ سے رپورٹیں طلب کرنے سے زیادہ کچھ نہیں کر رہے ہیں، آرمی چیف جنرل راحیل شریف ایم کیو ایم کے عہدیداروں کے قتل کا نوٹس لیں۔ واضح رہے کہ پنجاب کے ضلع چنیوٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایم کیو ایم کے سینئر ضلعی نائب صدر اصغر عباس جاں بحق ہوگئے تھے، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے مطابق اصغر عباس کو ان کے گھر کے قریب نشانہ بنایا گیا، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ایم کیو ایم کے سینئر ضلعی نائب صدر کے قتل کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او چنیوٹ سے اس کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔