فوج دہشتگردوں اور انکے سہولت کاروں کیخلاف کارروائی کیلئے ہر ممکن مدد کریگی، جنرل راحیل
شیعہ نیوز (راولپنڈی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ فوج دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی کیلئے ہر ممکن مدد کرے گی، خیبر پختونخوا اور فاٹا کے عوام دہشت گردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے ہیں، صوبے بھر سے ہر دہشت گرد اور اس کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ کریں گے، آئی ڈی پیز کی واپسی بھی آئندہ ماہ سے شروع ہوجائے گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد اور فوج اور سول انتظامیہ کے درمیان ہم آہنگی کے لئے قائم کی گئی خیبر پختونخوا کی اعلٰی سطح کمیٹی کا اجلاس پشاور میں ہوا، جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت گورنر کے پی کے، وزیراعلٰی خیبر پختونخواہ، کور کمانڈر پشاور، ڈی جی آئی ایس آئی، آئی جی ایف سی اور آئی جی پولیس نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اعلان کیا کہ آپریشن ضرب عضب کے دوران عارضی طور پر بے گھر ہونے والوں کی مرحلہ وار واپسی اگلے ماہ سے شروع ہوگی۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے لوگ دہشتگردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے، صوبے کے لوگوں نے ہمت اور حوصلے سے دہشتگردوں کو معاشرے میں تنہا کر دیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ سانحہ پشاور کے بعد قوم دہشتگردی اور انتہا پسندی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے متحد ہے، فوج دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی کیلئے ہر ممکن مدد کرے گی، قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کیلئے فوج مکمل تعاون کرے گی۔ آرمی چیف نے کہا کہ فوج حکومت سے مل کر متاثرین شمالی وزیرستان کی واپسی کیلئے کام کرے گی۔
دیگر ذرائع کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پر آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے زیر صدارت کور ہیڈ کوارٹرز پشاور میں ہونے والے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں اگلے ماہ سے آئی ڈی پیز کی مرحلہ وار واپسی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاک فوج سیاسی حکومت کے ساتھ مل کر متاثرین کی بحالی یقینی بنائے گی۔ فاٹا ایڈمنسٹریشن آئی ڈی پیز کی ان کے علاقوں میں بحالی کا جامع پلان ترتیب دے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے فاٹا اور کے پی کے کے لوگوں کی قربانیوں اور عزم کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مضبوط عزم کے ساتھ قبائلی علاقوں کے عوام دہشتگردوں کے ظلم کے خلاف کھڑے ہوئے۔ فاٹا اور کے پی کے کے عوام نے دہشتگردوں کو معاشرے میں محدود کر دیا ہے۔
اجلاس میں سیکورٹی امور اور دہشتگردی کے خلاف قومی لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ آرمی چیف راحیل شریف کے زیر صدارت اجلاس کا ایجنڈا نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد، فاٹا کی صورتحال ،آئی ڈی پیز اور انسداد ہشتگردی پر مشتمل تھا۔ اجلاس میں گونرر خیبرپختونخوا سردار مہتاب احمد خان، وزیراعلٰی پرویز خٹک، کور کمانڈر پشاور ہدایت الرحمن، ڈی جی آئی ایس آئی رضوان اختر، ڈی جی آئی ایس پی آر عاصم باجوہ، آئی جی ایف سی، آئی جی فرنٹئیر کانسٹیبلری لیاقت خان سیکرٹری اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری شریک ہوئے۔ آرمی چیف راحیل شریف نے شرکاء کو نیشنل ایکشن پلان سے آگاہ کیا۔ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کرانے کے لئے گورنر اور وزیراعلٰی سمیت تمام افسروں کو اعتماد میں لیا گیا۔