مجلس وحدت مسلمین کے وفد کا یوحنا آباد کا دورہ، مسیحی رہنماؤں سے ملاقات
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے یوحنا آباد کا دورہ کیا اور مسیحی ملت پارٹی کے رہنماؤں اسلم پرویز سہوترا، سہیل جونسن، آصف فیروز اور فادر فرانسس گلزار سے ملاقات کر کے سانحہ یوحنا آباد پر اظہار افسوس کیا اور بے گناہ افراد کو زندہ جلانے کی واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ ملاقات میں علامہ اسدی کا کہنا تھا کہ اسلام امن اور سلامتی کا مذہب ہے، دہشت گرد اسلام اور انسانیت کے دشمن ہیں، دہشت گردوں کا اصل ہدف ملک میں خانہ جنگی پیدا کرنا ہے، پاکستان میں دہشت گردی کا سب سے زیادہ شکار ہم ہوئے لیکن ہم نے صبر و استقامت سے دہشت گردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیے، سانحہ یوحنا آباد کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، لیکن اس سانحے کی آڑ میں بے گناہ شہریوں پر تشدد اور ان کو زندہ جلانے کا واقعہ اانتہائی قابل افسوس ہے، ملکی املاک کو نقصان پہنچانا کسی صورت بھی جائز نہیں، ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سانحہ یوحنا آباد اور بے گناہوں کو تشدد کر کے قتل کرنے والے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ ملک میں اس طرح کے المناک واقعات کا سد باب کیا جا سکے۔ وفد میں علامہ حسن ہمدانی، علامہ ابوذر مہدوی، علامہ حسنین عارف، سید حسین زیدی و دیگر شامل تھے۔