پاکستان کو بنانے میں ملت تشیع کا کردار واضح ہے، تہور حیدری
شیعہ نیوز (لاہور) مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان تہور حیدری نے 23 مارچ کے کے حوالے سے کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ مذہب اسلام، انسان کو آزادی و حریت کا درس دیتا ہے، اس درس آزادی سے ہمارے بزرگوں نے نظریہ اسلام کے تحت انگریزوں سے آزادی کی تحریک شروع کی، اس تحریک کو تقویت 23 مارچ 1947ء کو ملی جب قرار داد پاکستان کو اکثریتی رائے سے پاس کیا گیا، یوں ہمارے بزرگوں کو پاکستان جیسی عظیم نعمت کی شکل میں ایک الگ وطن نصیب ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام نے ہمیشہ ظالمین کی مخالفت کی چاہے وہ کشمیر میں بھارتی مظالم ہو یا فلسطین میں اسرائیلی جارحیت، پاکستانی عوام ہمیشہ سامراجی طاقتوں کے مخالف رہے ہیں۔ مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو 2 قومی نظریہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا اور اس کو بنانے میں ملت تشیع کا کردار واضح ہے، پاکستان میں آج ملت تشیع سمیت تمام محب وطن طبقات کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، اسلام اور ملک دشمن عناصر دہشت گردی کے لبادے میں چھپ کر محبان وطن کو اپنی بزدلانہ کارروائیوں کا نشانہ بنا رہے ہیں، ہم پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے محافظ ہیں، ہم دشمنان اسلام و پاکستان پر واضع کر دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان بنانے والے پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لئے اپنا کرادر ادا کرنا جانتے ہیں، آئی ایس او کا ہر جوان ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی محافظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، پاکستان اسلام کا قلعہ ہے، اس کی حفاظت کیلئے اپنی جان کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے 7 سال کے بعد فوجی پریڈ کے انعقاد کو پاکستان دشمنوں کے شکست قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے دہشت گرد عناصر کے خاتمے میں ہی پاکستان کا استحکام مضمر ہے۔