شیعہ علما کونسل لاہور میں پریس کلب سے اسمبلی ہال تک ریلی نکالے گی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادرہ )شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صوبائی آفس لاہور میں یوم علیؑ اور یوم القدس کے حوالے سے ایک اجلاس ہوا جس کی صدارت شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری اور علامہ سید حافظ کاظم رضا نقوی نے کی۔ اجلاس میں دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ صوبائی صدر نے یوم علیؑ کے حوالے بات کرتے ہوئے کہا جب ہم امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالبؑ کی شہادت کی وجوہات کا جائزہ لیتے ہیں تو معلوم ہوتا ہے کہ لوگوں کو امیر المومنینؑ کی ذات اور جسم سے دشمنی نہیں تھی بلکہ ان کی فکر اور اصلاحات سے عدوات تھی جو کہ علی ابن ابی طالبؑ نے سیاسی، معاشی اور معاشرتی میدانوں میں کی تھیں۔ لہذا کہا جا سکتا ہے کہ امیر المومنینؑ کی شہادت ایک شخص یا فرد کی نہیں ایک سوچ، فکر اور نظریے کی شہادت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ تاریخ کو مسخ کرتے ہوئے اور حقائق پر پردہ ڈالتے ہوئے امیر المومنین ؑ کے تاریخی اور انقلابی اقدامات کو چھپانے کی بہت کوششیں کی گئیں لیکن تاریخ کے جھروکوں سے وہ تمام کامیابیاں اور اصلاحات واضح طور پر آج بھی نظر آ رہی ہیں، وہ تمام ادوار اور تمام نظام ہائے حکومت کے لئے نمونہ عمل ہیں۔
القدس ریلی کے آرگنائزر قاسم علی قاسمی نے اجلاس کو القدس ریلیوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ قاسم علی قاسمی نے بتایا کہ ہر سال کی طرح امسال بھی 22 رمضان المبارک، 10 جولائی 2015ء بروز جمعۃالمبارک کو ملک بھر میں یوم القدس بھرپور طریقے سے منایا جائیگا۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پر 6 دہائیوں سے جاری اسرائیلی جارحیت کیخلاف اور بیت المقدس کے یہودی تسلط سے آزادی کیلئے لاہور سمیت پنجاب بھر کے تمام بڑے چھوٹے شہروں میں القدس ریلیاں نکالی جائیں گی۔ قاسم علی قاسمی نے مزید کہا کہ اسرائیل نے ظلم و بربریت کے وہ پہاڑ توڑے ہیں جن کی مثالیں ڈھونڈے نہیں ملتیں، یوم القدس ہر سال کی طرح امسال بھی بھرپور طریقے سے منایا جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے ضلعی القدس کمیٹیوں کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ قبلہ اول بیت المقدس کی اسرائیلی تسلط سے بازیابی کیلئے نکالی جانیوالی القدس ریلیوں بارے عوام میں بھی آگاہی مہم تیز کریں اور مختلف مکاتب فکر سے بھی اس سلسلے میں رابطے کر کے انہیں دعوت فکر دیں۔
انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف اقوام متحدہ میں ایک مرتبہ پھر آواز احتجاج بلند کرتے ہوئے اپنے عزم کا اعادہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ القدس ریلیوں میں تمام مکاتب فکر اور سیاسی جماعتوں کے قائدین کو بھی مدعو کیا جائیگا۔ لاہور میں پریس کلب سے براستہ ایجرٹن روڈ اسمبلی ہال تک حسب سابق ریلی نکالی جائیگی۔ جس کی قیادت صوبائی رہنما کریں گے جبکہ لاہور کے تمام علاقوں سے شیعہ علما کونسل کے کارکن بھرپور شرکت کر کے اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کی حمایت اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف اظہار برآت کریں گے۔ قاسم علی قاسمی نے کہا کہ شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے خصوصی طور پر ہدایت کی ہے کہ القدس ریلیوں میں بھرپور شرکت کی جائے، اسرائیل آئے روز مظلوم فلسطینیوں کو اپنی جارحیت کا نشانہ بناتا ہے لیکن عالمی برادری نے اس جارحیت پر مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے جو افسوسناک اور قابل تشویش ہے کہ امت مسلمہ کے مسائل پر عالمی برادری آنکھیں موند لیتی ہے جبکہ کسی دوسرے مذہب پر ذرہ بھر میں مشکل آن پڑے تو آسمان سر پر اٹھا لیا جاتا ہے۔