امریکہ، اسرائیل اور بھارت انسانیت کے بد ترین دشمن ہیں، صاحبزادہ حامد رضا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حامد رضا نے کہا ہے کہ حکومت سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جوڈیشل رپورٹ شائع کرے، الیکشن کمیشن کے ارکان استعفٰی دیں، پنجاب کا بلدیاتی آرڈیننس واپس لیا جائے، حکمرانوں کو قومی نہیں ذاتی مفادات عزیز ہیں، عوام کا اعتماد انتخابات سے اٹھ گیا ہے، جوڈیشل کمیشن رپورٹ میں یہ نہیں کہا گیا کہ دھاندلی نہیں ہوئی بلکہ یہ کہا گیا ہے کہ دھاندلی کے ثبوت پیش نہیں کئے جاسکے، فارم 15 کی غیر موجودگی میں انتخابات کو کس طرح شفاف قرار دیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فائرنگ کا نوٹس لے، بھارتی جارحیت کے بڑھتے واقعات پر حکومت صرف رسمی احتجاج تک محدود نہ رہے، بڑے ڈیم ہی سیلاب کی تباہ کاری روک سکتے ہیں، عالمی برادری اسرائیل پر جوہری ہتھیار ڈالنے کیلئے دباؤ ڈالے، عالمی اداروں نے اسرائیل کے جوہری ہتھیاروں پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل پنجاب کے عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں امن پاکستان کی خوشحالی اور استحکام کا ضامن ہے، جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ سے قوم کو مایوسی ہوئی، الیکشن میں دھاندلی بے ضابطگیوں کے ذریعے ہی کی جاتی ہے، انتخابات میں دھاندلی کا الزام ہر چھوٹی بڑی جماعت نے لگایا، حکمرانوں کی اندھی مفاد پرستی نے ملک تباہ کر دیا ہے، ملکی معیشت کو غیر ملکی قرضوں سے آزاد کرانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کروایا جائے، پارلیمنٹ پر قابض جماعتیں گٹھ جوڑ کرکے مشترکہ اقتدار کا تحفظ کرنے کیلئے روایتی حربے استعمال کر رہی ہیں، حکمران جوڈیشل کمیشن رپورٹ پر جشن منانے کے بجائے سیلاب متاثرین کی مشکلات کے حل پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور بھارت انسانیت کے بد ترین دشمن ہیں۔ اجلاس میں صاحبزادہ عمار سعید، مفتی محمد رمضان جامی، صاحبزادہ حسن رضا، ملک بخش الٰہی، میاں فہیم اختر، صاحبزادہ مطلوب رضا نے شرکت کی۔